0
Saturday 3 Dec 2011 16:11

دہشت گردوں کے عزائم ناکام بنانے کیلئے مل کر جذبہ جہاد کے ساتھ کام کیا جائے،غلام محمود ڈوگر

دہشت گردوں کے عزائم ناکام بنانے کیلئے مل کر جذبہ جہاد کے ساتھ کام کیا جائے،غلام محمود ڈوگر
اسلام ٹائمز۔ ڈی آئی جی آپریشنز غلام محمود ڈوگر نے ذوالجناح کے مرکزی جلوس کے روٹ کا دورہ کرتے ہوئے کہا کہ مساجد، امام بارگاہوں، مجالس اور تعزیے، علم، ذوالجناح کے جلوسوں کی سکیورٹی ڈیوٹی کے فرائض سرانجام دینے والے اہلکاروں کو چاق و چوبند ہو کر خلوص نیت سے اپنے فرائض سرانجام دینا چاہیے تاکہ ملک اور سماج دشمن عناصر اور دہشت گردوں کے ناپاک ارادوں کو ناکام بنا کر شہر میں امن وامان کی فضا کو برقرار رکھا جا سکے۔ روٹ کا معائنہ کرتے ہوئے ڈی آئی جی آپریشنز نے ایس پی سٹی کو ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ روٹ کے راستے میں آنے والی تمام عمارتوں سے کلیئرنس سرٹیفیکیٹ لیے جائیں کہ 9 اور 10 محرم کو ان کے گھر پہ کوئی بھی ایسا شخص قیام پذیر نہیں ہو گا جو نقص امن کا باعث بنے۔ علاوہ ازیں جلوس کے راستے میں آنے والی تمام عمارتوں کے مکینوں کو کھڑکیاں بند رکھنے اور گھروں کی چھتیں استعمال نہ کرنے کا پابند بنایا جائے۔
مرکزی جلوس کے منتظمین کے مطالبے پر ڈی آئی جی آپریشنز نے 9 اور 10 محرم کے روز نثارحویلی سے ملحقہ اونچی عمارتوں پر پانچ ماہر نشانہ بازوں کو تعینات کرنے کے احکامات جاری کرتے ہوئے ایس پی سکیورٹی کو کہا کہ وہ اس بات کو یقینی بنائیں کہ ان عمارتوں پر یہ نشانہ باز مسلسل اپنی پوزیشنز پر موجود رہیں، چوک رنگ محل اور چوہٹہ مفتی باقر میں سٹریٹ لائٹس کی ابتر صورتحال پر انہوں نے ایس پی سکیورٹی کو ضلعی انتظامیہ سے رابطہ کر کے سٹریٹ لائٹس کو 8 محرم تک درست کروانے کی ہدایت کی۔ غلام محمود ڈوگر نے ایس پی سٹی کو ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ روٹ کے اہم مقامات پر 70 کلوز سرکٹ کیمروں کی تنصیب کو بروقت یقینی بنائیں اور جلوس کی ویڈیو کوریج کروانے کا بھی مکمل بندوبست کیا جائے۔ ایس پی سٹی نے روٹ کے حوالے سے کیے گئے انتظامات کے حوالہ سے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ 9 محرم کو جلوس کے آغاز سے قبل روٹ کے راستوں کو بم ڈسپوزبل سکواڈ اور سنفر ڈوگز کے ذریعے کلیئر کروایا جائے گا اور جلوس میں شامل ہونے کے مختلف راستوں پر واک تھرو گیٹس اور میٹل ڈیٹکٹرز سے شرکاء کی سرچ کو یقینی بنانے کے ساتھ ساتھ تھری لیئر چیکنگ پر بھی سختی سے عمل کروایا جائے گا۔
ڈی آئی جی آپریشنز غلام محمود ڈوگر نے منتظمین جلوس اور شیعہ اکابرین کے علاوہ تمام شہریوں سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردوں اور ملک دشمنوں کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملانے کے لئے ہم سب کو ملکر جذبہ جہاد کے ساتھ کام کرنا ہو گا، عوام کو بھی چاہیے کہ پولیس کے ساتھ بھرپور تعاون کریں خاص کر شیعہ اکابرین کی جانب سے جو رضاکار چیکنگ کے لئے انٹری پوائنٹس پر تعینات کیے جائیں ان کو ایس پی سٹی کی جانب سے جاری کیے گئے سکیورٹی کارڈز سینے پر آویزاں کر کے ڈیوٹی پر کھڑا کیا جائے۔ انہوں نے جلوس کے ہمراہ سفید کپڑوں میں 100 اہلکاروں کو شرپسند عناصر پرنظر رکھنے کے لئے تعینات کرنے کے لئے بھی موقع پر احکامات جاری کیے۔
خبر کا کوڈ : 119423
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش