0
Sunday 4 Dec 2011 01:49

مسلم لیگ (ن) نے انتخابی منشور کے بارے میں سفارشات کو حتمی شکل دے دی

مسلم لیگ (ن) نے انتخابی منشور کے بارے میں سفارشات کو حتمی شکل دے دی
اسلام ٹائمز۔ پاکستان مسلم لیگ (ن) نے خارجہ، دفاع، داخلہ، قومی سلامتی کے امور اور معیشت کے بارے میں آزاد خود مختار پالیسیاں وضع کرنے کیلئے انتخابی منشور کے بارے میں سفارشات کو حتمی شکل دے دی ہے۔ دسمبر کے اواخر میں منشور جاری کرنے کا قوی امکان ہے۔ محرم الحرام کے بعد سفارشات حتمی منظوری کیلئے پارٹی صدر سابق وزیراعظم میاں محمد نواز شریف کو بھجوائی جائیں گی۔ بیرونی مداخلت کے خاتمے کیلئے غیر معمولی اقدامات تجویز کئے گئے ہیں۔ پارلیمنٹ کی رائے کے مطابق آزاد خارجہ پالیسی تشکیل دینے کا عزم کیا گیا ہے، منشور کمیٹی کا اجلاس ہفتہ کو سابق وزیر خزانہ سرتاج عزیز کی صدارت میں پارٹی سیکرٹریٹ اسلام آباد میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں کمیٹی کے ارکان سینیٹر اسحاق ڈار، سینیٹر پرویز رشید، لیفٹیننٹ جنرل (ر) عبدالقادر بلوچ، چوہدری جعفر اقبال، ممنون حسین، زاہد حامد، انجنیئر خرم دستگیر، شاہد خاقان عباسی، سردار مہتاب احمد، انوشہ رحمن اور صدیق الفاروق نے شرکت کی۔
ذرائع نے بتایا ہے کہ مسلم لیگ (ن) نے آئندہ انتخابات کے بارے میں پارٹی منشور کو حتمی شکل دے دی ہے سفارشات منظوری کیلئے محرم الحرام کے بعد نواز شریف کو بھجوائی جائیں گی۔ دسمبر کے اواخر میں منشور کا اجراء متوقع ہے۔ معیشت، تعلیم، صحت، خارجہ امور، امن وامان، بیروزگاری، دہشت گردی جیسے مسائل کے حل کیلئے اقدامات منشور کے اہم نکات ہیں۔ پاکستان کو حقیقی معنوں میں اس کے نظریہ کے مطابق آزاد و خود مختار بنانے کا عزم بھی کیا گیا ہے۔ غیر ملکی مداخلت کے خاتمے کیلئے پالیسیوں میں تبدیلی کا وعدہ کیا جائے گا۔ دیگر شعبوں کے بارے میں اصلاحات جن میں خسارے میں چلنے والے سرکاری کارپوریشنوں میں انتظامی و مالیاتی اصلاحات کے بارے میں تجاویز بھی شامل ہیں اسی طرح کرپشن، بدانتظامی کے خاتمے کیلئے قوم بھی غیر معمولی اقدامات کا وعدہ کیا جائے گا۔ پارلیمنٹ کو تمام فیصلوں کا محور ومرکز بنانے کا عزم کیا گیا ہے اداروں کو اپنے آئینی اختیارات تک محدود رکھنے کی تجاویز بھی شامل ہیں۔ ذرائع نے یہ بھی بتایا ہے کہ بیروز گار نوجوانوں کیلئے خصوصی منصوبے شروع کرنے کی تجاویز بھی شامل ہیں۔ اسی طرح گیس، بجلی، کی قلت کو دور کرنے کیلئے اقدامات کا عزم بھی کیا جارہا ہے۔
خبر کا کوڈ : 119538
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش