0
Sunday 4 Dec 2011 23:11

امریکہ سے تعلقات پر نظرثانی، کشمیر اور ایٹمی پروگرام پر قومی پالیسی تشکیل دی جائیگی، گیلانی

امریکہ سے تعلقات پر نظرثانی، کشمیر اور ایٹمی پروگرام پر قومی پالیسی تشکیل دی جائیگی، گیلانی

اسلام ٹائمز۔ وزیراعظم یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پاکستان نے سب سے زیادہ قربانیاں دی ہیں، بین الاقوامی برادری نے قدر نہیں کی۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر سمیت تمام تنازعات پر خارجہ پالیسی تشکیل دی جائے گی اور اس میں فوج کی مداخلت نہیں ہو گی۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کو بون کانفرنس میں شرکت سے پہلے کوئی فائدہ ہوا نہ اب بائیکاٹ سے کوئی نقصان ہو گا۔ یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ وہ بون کانفرنس میں شرکت کے لئے چلے جاتے اور پیچھے پاکستان پر ڈرون حملہ ہو جاتا تو ان کی پوزیشن کیا ہوتی۔ انہوں نے کہا کہ افغانستان کے مستقبل کے فیصلے کے لئے منعقد ہونے والی کانفرنسوں میں پاکستان شامل ہوتا رہا ہے۔ چونکہ مستحکم افغانستان پاکستان کے مفاد میں ہے۔ مگر افغانستان کی سرزمین پاکستان کے خلاف استعمال ہوئی ہے، تو ہمیں افغانستان سے زیادہ اپنے ملک کی سالمیت اور خود مختاری عزیز ہے۔ 

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ کشمیر اور ایٹمی پروگرام سمیت امریکہ، نیٹو اور ایساف سے تعلقات پر نظرثانی کے لئے وزارت دفاع قومی پالیسی تشکیل دے رہی ہے، جسے پارلیمنٹ سے منظور کروایا جائے گا۔ انہوں نے واضح کیا کہ نئی قومی پالیسی میں فوج کی مداخلت نہیں ہو گی۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان نے نیٹو ممالک سے زیادہ 35 ہزار قیمتی جانوں کی قربانی دی، جن میں 30 ہزار شہری اور پانچ ہزار فوجی شا مل ہیں۔

یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ میمو سکینڈل کی پارلیمانی تحقیقات جاری ہیں۔ ملک میں بڑے بڑے بحران پیدا ہوئے، مگر مسلم لیگ ن کے سربراہ عدالت نہیں گئے لیکن میمو سکینڈل پر ان کے سپریم کورٹ جانے پر سوالیہ نشان ہے؟ نواز شریف اس سے کیا مقاصد حاصل کرنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میمو سکینڈل پر باہر بیٹھے شخص منصور اعجاز سے حکومت کو کوئی خطرہ ہے اور نہ ہی سیاسی جلسے جلوسوں سے پیپلز پارٹی کی حکومت گرائی جا سکتی ہے۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ وفاق چاروں صوبوں سے یکساں سلوک کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بار بار کی فوجی مداخلتوں نے ملک اور جمہوریت کو نقصان پہنچایا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت بلدیاتی اداروں کے حق میں ہے، اس کے انتخابات بھی ہونے چاہیں، مگر اٹھارہویں ترمیم کے بعد اب یہ ذمہ داری صوبوں کی ہے۔ وزیراعظم نے پیپلز پارٹی پنجاب اور گورنر پنجاب کے وفاق بچاو تحریک پر تبصرے سے انکار کر دیا۔

قبل ازیں مسلم لیگ ق کے ایم این اے سردار طالب نکئی، سابق وزیر سماجی بہبود پنجاب نیلم جبار اور ملتان سے راں اور بوسن برادری کے معززین سے ملاقات میں وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان اپنی سرحدوں کا ہر قیمت پر دفاع کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ ملکی سالمیت اور آزادی پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کریں گے۔

خبر کا کوڈ : 119769
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش