QR CodeQR Code

وزیر داخلہ رحمان ملک کے متنازعہ بیان پر شدید عوامی ردعمل

8 Dec 2011 02:07

اسلام ٹائمز:پاکستان میں لوگوں کی بڑی تعداد نے وفاقی وزیر داخلہ رحمان ملک کے اس بیان پر حیرت کا اظہار کیا ہے جس میں انھوں نے یوم عاشور کے موقع پر جلوسوں پر حملہ نہ کرنے والی دہشت گرد تنظیموں کا شکریہ ادا کیا تھا۔


اسلام ٹائمز۔ وفاقی وزیر داخلہ رحمان ملک نے گزشتہ روز محرم الحرام کے پر امن گزر جانے پر طالبان کا شکریا ادا کیا تھا، رحمان ملک نے اس سے قبل ان تنظیموں سے پاکستان میں محرم الحرام کے جلوسوں پر حملہ نہ کرنے اور ہتھیار پھینک دینے کی اپیل کی تھی۔ وزیر داخلہ کا یہ بیان ایک ایسے موقع پر سامنے آیا ہے جب افغانستان کے دارالحکومت کابل میں شیعہ مسلمانوں پر ہونے والے ایک خودکش حملے میں پچاس سے زائد افراد ہلاک ہو چکے ہیں اور ذرائع ابلاغ کے مطابق اس حملے کی ذمہ داری لشکر جھنگوی العالمی نامی مبینہ طور پر ایک پاکستانی تنظیم نے قبول کرلی ہے۔ دوسری جانب افغان صدر پاکستان سے لشکر جھنگوی کے خلاف فوری کارروائی کا مطالبہ کررہے ہیں اور وہ اس لشکر کی پناہ گاہیں پاکستان میں موجود ہونے کے بارے میں بیان دے رہے ہیں۔
دوسری جانب پاکستان میں لوگوں کی بڑی تعداد نے وزیر داخلہ کے اس بیان کو غیر ذمہ دارانہ قرار دیتے ہوئے اس پر عدم اطمینان کا اظہار کیا ہے اور اس حوالے سے رحمان ملک کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔
لوگوں کا کہنا ہے کہ رحمان ملک کا یہ بیان قابل مذمت ہے کہ وہ کالعدم تنظیمیں جنہوں نے ملک میں خون کی ہولی کھیلی، فوج پر حملے کیے، سیکڑوں اسکولز تباہ کیے، خود کش حملوں میں ہزاروں بے گناہ شہریوں کا خون بہایا اور پولیس کو نشانہ بنایا، اس پر وزیر داخلہ اُن کا شکریا ادا کررہے ہیں، چاہیے تو تھا کہ وہ کہتے کہ ہمارے قانون نافذ کرنے والے اداروں نے مستعدی دکھائی اور محرم الحرام میں امن کو قائم رکھا مگر ایسا نہیں ہوا، شہریوں کا کہنا ہے کہ رحمان ملک کسی اور کے ایجنڈے پر چل رہے ہیں۔ 


خبر کا کوڈ: 120455

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/120455/وزیر-داخلہ-رحمان-ملک-کے-متنازعہ-بیان-پر-شدید-عوامی-ردعمل

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org