QR CodeQR Code

خروٹ آباد، راکٹ حملے اور فائرنگ میں نیٹو کے 39 آئل ٹینکر جل کر تباہ

9 Dec 2011 10:06

اسلام ٹائمز:واردات کے بعد حملہ آور باآسانی فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے پولیس کے مطابق مذکورہ ٹرمینل میں 29 آئل ٹینکر اور 15 کنٹینرز کھڑے تھے، جن میں سے پانچ کو بحفاظت باہر نکالا گیا جبکہ باقی جل کر خاکستر ہو گئے۔


اسلام ٹائمز۔ کوئٹہ میں مغربی بائی پاس پر خروٹ آباد میں نیٹو ٹینکروں کے ٹرمینل پر نامعلوم افراد کے راکٹ حملے اور جدید ہتھیاروں سے اندھا دھند فائرنگ سے ٹرمینل میں آگ بھڑک اٹھی، جس سے 39 آئل ٹینکرز تباہ ہو گئے، تپش کے باعث فائر بریگیڈ کا عملہ آگ پر قابو پانے میں ناکام رہا، حملہ آور واردات کے بعد فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔ تفصیلات کے مطابق جمعرات کی رات نو بجے کے قریب مغربی بائی پاس پر واقع نیٹو کے نجی ٹرمینل میں کھڑے آئل ٹینکروں اور کنٹینروں پر نامعلوم مسلح موٹر سائیکل سواروں نے قریبی شاہراہ سے راکٹ فائر کیا اور جدید ہتھیاروں سے اندھا دھند فائرنگ کی، جس کے باعث ٹرمینل میں کھڑے آئل ٹینکروں اور کنٹینروں میں آگ بھڑک اٹھی اور دیکھتے ہی دیکھتے پورے ٹرمینل کو اپنی لپٹ میں لے لیا اس دوران ٹنکیاں پھٹنے سے زور دار دھماکوں کی آوازیں بھی آتی رہیں اور آگ کے شعلے دور دور تک دکھائی دیئے۔
 
ٹرمینل میں ایک زور دار دھماکے سے سیکورٹی اہلکاروں میں بھگدڑ مچ گئی اور دو پولیس افسران گر کر زخمی ہوئے، اطلاع ملتے ہی پولیس ایف سی کی بھاری نفری، سیکریٹری داخلہ اور دیگر حکام موقع پر پہنچ گئے اور علاقے کو گھیرے میں لے لیا، فائر بریگیڈ اور کنٹونمنٹ بورڈ کی گاڑیاں بھی آگ بجھانے کیلئے موقع پر پہنچ گئیں، مگر تپش کے باعث عملہ ڈیڑھ گھنٹے تک آگ کے قریب بھی نہ جا سکا اور دور سے آگ بجھانے کی کوششیں جاری رکھیں، تاہم رات گئے آگ کی شدت کم ہونے پر عملے نے آگ پر قابو پا لیا۔ واردات کے بعد حملہ آور باآسانی فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے پولیس کے مطابق مذکورہ ٹرمینل میں 29 آئل ٹینکر اور 15 کنٹینرز کھڑے تھے، جن میں سے پانچ کو بحفاظت باہر نکالا گیا جبکہ باقی جل کر خاکستر ہو گئے۔ مذکورہ ٹرمینل کے علاوہ بھی صوبائی دارالحکومت میں مختلف جگہوں پر مزید 180 آئل ٹینکر اور کنٹینر کھڑے ہیں، جہاں پر سکیورٹی کے انتظامات سخت کر دیئے گئے ہیں۔ فوری طور پر کسی تنظیم نے اس واقعہ کی ذمہ داری قبول نہیں کی، متعلقہ پولیس نے نامعلوم افراد کے خلاف مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی ہے۔


خبر کا کوڈ: 120752

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/120752/خروٹ-آباد-راکٹ-حملے-اور-فائرنگ-میں-نیٹو-کے-39-آئل-ٹینکر-جل-کر-تباہ

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org