QR CodeQR Code

مساجد اور امام بارگاہوں میں سکیورٹی کے انتظامات مزید سخت کیے جائیں، سی سی پی او لاہور

9 Dec 2011 18:09

اسلام ٹائمز:احمد رضا طاہر کا کہنا تھا کہ محرم الحرام میں مجالس کے دوران تمام مساجد اور امام بارگاہوں پر واک تھرو گیٹ اور میٹل ڈٹیکٹرز کا استعمال یقینی بنائیں، پارکنگ کے لیے محفوظ فاصلے پر جگہ متعین کی جائے۔


اسلام ٹائمز۔ کیپٹل سٹی پولیس چیف احمد رضا طاہر نے جاری مجالس عزا اور جلوسوں کے موقع پر سکیورٹی کے حوالے سے ایک مرتبہ پھر حکم دیا ہے کہ مجالس کے لیے تمام ڈویژنل ایس پیز اپنے اپنے علاقوں میں موجودہ سکیورٹی کے حالات کے پیش نظر تمام مساجد، امام بارگاہوں اور خصوصی طور پر کربلا گامے شاہ، دربار بی بی پاکدامن پر موثر سکیورٹی انتظامات کو یقینی بنائیں اور عوام کے دلوں میں اپنے موثر اقدامات سے تحفظ کا احساس پیدا کریں، تاکہ شہری بلاخوف و خطر اپنے مذہبی فرائض ادا کر سکیں۔ سی سی پی او نے لاہور پولیس کو مزید حکم دیا کہ مساجد اور امام بارگاہوں میں منتظمین کی مدد سے سکیورٹی کے انتظامات مزید سخت کیے جائیں، میٹل ڈٹیکٹرز کا استعمال بڑھایا جائے اور مشکوک افراد پر کڑی نظر رکھی جائے۔
احمد رضا طاہر نے سکیورٹی برانچ کو بھی ہدایت کی کہ وہ محرم الحرام میں مجالس کے دوران تمام مساجد اور امام بارگاہوں پر واک تھرو گیٹ اور میٹل ڈٹیکٹرز کا استعمال یقینی بنائیں، پارکنگ کے لیے محفوظ فاصلے پر جگہ متعین کی جائے اور عوامی تعاون کو اس سلسلہ میں یقینی بنایا جائے۔ سی سی پی او احمد رضا طاہر نے یہ بھی حکم دیا ہے کہ محرم الحرام کے دوران جمعہ کے اجتماعات کے موقع پر مختلف مکاتب فکر کی مشاورت سے طے پانے والے ضابطہ اخلاق پر سختی سے عمل کروایا جائے، جس کے تحت تمام اشتعال انگیز تقاریر اور نفرت انگیز مواد پر مکمل پابندی عائد ہے۔


خبر کا کوڈ: 120838

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/120838/مساجد-اور-امام-بارگاہوں-میں-سکیورٹی-کے-انتظامات-مزید-سخت-کیے-جائیں-سی-پی-او-لاہور

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org