0
Saturday 10 Dec 2011 21:56

مولانا فضل الرحمان کی ایم ایم اے کی بحالی کیلئے جماعت اسلامی سے رابطوں کی تصدیق

مولانا فضل الرحمان کی ایم ایم اے کی بحالی کیلئے جماعت اسلامی سے رابطوں کی تصدیق
اسلام ٹائمز۔ جمعیت علمائے اسلام ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے متحدہ مجلس عمل کی بحالی کیلئے جماعت اسلامی سے مذاکرات کی تصدیق کرتے ہوئے اُمید ظاہر کی ہے کہ آئندہ چند دنوں میں ایم ایم اے بحال کرنے میں کامیاب ہو جائیں گے۔ کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے اُن کا کہنا تھا کہ فرقہ واریت کو کچلنے اور دینی ہم آہنگی کے لئے متحدہ مجلس عمل کی بحالی ناگزیر ہے۔ انہوں نے تصدیق کی جماعت اسلامی کے جنرل سیکریٹری لیاقت بلوچ کے ساتھ ایم ایم اے کی بحالی کے سلسلے میں مثبت بات چیت ہوئی ہے۔ انکا کہنا تھا کہ ایم ایم اے غیر فعال ہے، ختم نہیں ہوئی، جے یو آئی ف کے اراکین قومی اسمبلی اور جماعت اسلامی کے سینیٹرز ایم ایم اے کے ٹکٹ پر پارلیمنٹ میں آج بھی موجود ہیں۔ مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ وہ اتحاد کرنا چاہتے ہیں، لیکن کوئی قوت ہے جو سارا کام خراب کر دیتی ہے۔ ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ صدر بیمار ہیں امید ہے کہ وہ واپس آئیں گے۔ 

دیگر ذرائع کے مطابق جمعیت علماء اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ صدر پاکستان بیمار ہیں اور وہ ضرور واپس آئیں گے۔ میمو گیٹ کے خالق اسلام اور پاکستان دشمن ہیں، یہ ایک لاوارث دستاویز ہے۔ کراچی میں پریس کانفرنس سے خطاب میں مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ حسین حقانی کو لوگ پہچان لیں گے، لیکن منصور اعجاز سے واقفیت نہیں۔ الیکشن کے نتائج سے قبل کسی کو بڑی چھوٹی قوت قرار دینا نہیں چائیے۔ متحدہ مجلس عمل جلد فعال کرنے میں کامیاب ہو جائیں گے۔ تیرہ دسمبر کو اہم اعلان متوقع تھا۔ اب کچھ دن کی تاخیر ہو گی۔ فضل الرحمان نے کہا دنیا میں کسی کے ساتھ دشمنی نہیں چاہتے، لیکن امریکا اور پاکستان کے تعلقات آقا اور غلام کے سے تھے، اب دوستی ہو تو بہتر ہو گا۔ 

کراچی میں عالمی مجلس ختم نبوت کی مسجد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ سیاسی محاذ پر کام کرنے والی دینی قوتوں نے ہمیشہ مذہبی ہم آہنگی کیلئے کردار ادا کیا، نمائش چورنگی پر ہونے والے واقعے کی مذمت کرتے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ عالمی قوتیں مسلم اُمہ کو تقسیم کرنے پر عمل پیرا ہیں۔ قوم کو تحمل، برداشت اور وحدت کا مظاہرہ کرنا ہو گا۔ متحدہ مجلس عمل کے بارے میں مولانا کا کہنا تھا ایم ایم اے دوبارہ فعال ہو رہی ہے۔ مولانا فضل الرحمان نے کہا میمو اسکینڈل امریکی شوشہ ہے۔ منصور اعجاز قادیانی اور ملک دشمن ہے۔ انھوں نے قوم سے اپیل کی ایسے عناصر کی حوصلہ شکنی کی جائے جو امت میں فساد اور تفرقہ پیدا کریں، ان کا کہنا تھا سیاسی نظام اتنا مستحکم نہیں۔ پالیسیوں میں کمزوریاں ہیں، اسکے باوجود حکومت کو مدت پوری کرنی چاہئے۔
خبر کا کوڈ : 121137
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش