0
Monday 12 Dec 2011 22:27

انجمن مزارعین پنجاب کے نمائندہ وفد کی ایم کیو ایم ملتان زون میں رابطہ کمیٹی کے رکن سے ملاقات

انجمن مزارعین پنجاب کے نمائندہ وفد کی ایم کیو ایم ملتان زون میں رابطہ کمیٹی کے رکن سے ملاقات
اسلام ٹائمز۔ انجمن مزارعین پنجاب کے صدر رائے غلام عباس کی سربراہی میں ایک نمائندہ وفد نے ایم کیو ایم ملتان زو ن آفس پر ایم کیو ایم کی رابطہ کمیٹی کے رکن افتخار اکبر رندھاوا سے ملاقات کی اور حکومت پنجاب کی جانب سے مزارعین کو زمینوں سے بے داخل کرنے کی سازش سے آگاہ کیا، وفد میں انجمن مزارعین پنجاب کے ڈپٹی سیکریٹری ملک ممتاز کھوکھر، جنرل سیکریٹری پنجاب میاں محمد فیاض کمبوہ، خانیوال زون کے چیئرمین لیاقت علی گل، خانیوال زون کے جنرل سیکریٹری امجد حنیف جٹ، زراعتی فارم کے صدر مہر شریف سیال، جہانیاں کے صدر محمد علی جٹ، عارف والا کے صدر محمد علی، نائب صدر خانیوال ملک اظہر اور دیگر شامل تھے جبکہ اس موقع پر ایم کیو ایم ملتان زون کے جوائنٹ انچارج محمد خالد، زونل کمیٹی کے اراکین رانا ابوبکر اور عمران گاڈی بھی موجود تھے۔
ملاقات میں انجمن مزارعین پنجاب کے صدر رائے غلام عباس نے بتایا کہ حکومت پنجاب مزارعین سے گھر اور روزگار چھین رہی ہے اور مزارعین کو زمینوں سے بے دخل کرنے کیلئے اوچھے ہتھکنڈے استعمال کئے جارہے ہیں جس کے باعث ان میں گہری تشویش پائی جاتی ہے، رابطہ کمیٹی کے رکن افتخار اکبر رندھاوا نے پنجاب حکومت کی جانب سے مزارعین کے ساتھ روا رکھے جانے والے رویہ کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کی اور صدر مملکت آصف علی زرداری، وزیراعظم یوسف رضا گیلانی اور وزیراعلی پنجاب شہباز شریف سے مطالبہ کیا کہ مزارعین کو زمینوں کے مالکانہ حقوق دیئے جائیں اور ان کے ساتھ ناانصافیوں اور اوچھے ہتھکنڈوں کا سلسلہ فی الفور بند کرایا جائے، انہوں نے چیف جسٹس آف پاکستان افتخار محمد چوہدری سے بھی اپیل کی کہ وہ پنجاب میں مزارعین کے ساتھ ناانصافیوں کا نوٹس لیں اور انہیں حقوق دلانے کیلئے اپنا کردار ادا کریں۔
خبر کا کوڈ : 121667
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش