0
Tuesday 13 Dec 2011 01:23

یہاں سے بھاگ کر جانے والے دہشتگرد افغانستان میں بیٹھ کر پاکستان کے خلاف سازشیں کررہے ہیں، حیدر ہوتی

یہاں سے بھاگ کر جانے والے دہشتگرد افغانستان میں بیٹھ کر پاکستان کے خلاف سازشیں کررہے ہیں، حیدر ہوتی
اسلام ٹائمز۔ خیبر پختونخوا کے وزیر اعلیٰ امیرحیدر خان ہوتی نے چترال میں عبدالولی خان یونیورسٹی مردان کے سب کیمپس کا باضابطہ افتتاح کرتے ہوئے کہا کہ دوردراز علاقوں میں نوجوانوں کو ان کی دہلیزوں پر اعلیٰ تعلیم کی سہولتوں کی فراہمی حکومت کا عزم ہے، سیاسی وابستگیوں سے قطع نظرعلم کی روشنی کو پھیلانا وقت کا اہم ترین تقاضا ہے، ملک کی سلامتی، خودمختاری اور عوام کے تحفظ پرکوئی آنچ نہیں آنے دیں گے، نیٹو کی جانب سے پاک فوج کی چوکی پرجان بوجھ کر حملہ کیا گیا ہے، پوری قوم ملک کے دفاع کیلئے اپنی فوج کے ساتھ ہے۔
تقریب سے صوبائی وزیر بہبود آبادی سلیم خان، یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر احسان علی نے بھی خطاب کیا، اس موقع پر رکن قومی اسمبلی شہزادہ محی الدین، ایم پی اے غلام محمد، ڈویژنل و ضلعی حکام، اے این پی کے ضلعی صدر سید مظفر حسین جان، جنرل سیکرٹری شاہ وزیر خان اور معززین علاقہ کثیر تعداد میں موجود تھے، امیر حیدر خان ہوتی نے کہا کہ اعلیٰ تعلیم کو عام کرنے کیلئے یکم اپریل 2009 سے شروع کردہ سفر مردان، چارسدہ، صوابی، بونیر سمیت مختلف اضلاع سے ہوتا ہوا آج چترال پہنچ گیا ہے، انہوں نے یونیورسٹی کیمپس کے قیام پر چترال کے عوام اور نوجوانوں کومبارکباد دی اور کہا کہ نوجوان نسل ہمارا مستقبل ہے جس کو روشن اور محفوظ بنانے کیلئے ہماری کوششیں جاری رہیں گی، انہوں نے کہا کہ چترال کے لوگ امن پسند اور محب وطن ہیں، ایسے مخلص لوگوں کی خدمت نہ کرنے والے بدقسمت ہی ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان سے بھاگ کر جانے والے دہشتگرد افغانستان میں بیٹھ کر پاکستان کے خلاف سازشیں کررہے ہیں اور دوبارہ خود کو منظم کر کے تباہی اور ظلم کا بازار گرم کرنے کے خواب دیکھ رہے ہیں، انہوں نے چترال جیسے پُرامن علاقے کو بھی عدم استحکام سے دوچار کرنے کی ناکام کوشش کی، وزیراعلیٰ نے اعلان کیا کہ سکیورٹی فورسز اور عوام کے اتفاق واتحاد کے ساتھ ان کے خوابوں کو چکنا چور کرنے کیلئے ہمہ وقت تیار ہیں، انہوں نے کہا کہ مہمند ایجنسی میں پاک فورسز کی چوکی پرحملہ جان بوجھ کر کیا گیا اس میں غلطی کی کوئی گنجائش نہیں، انہوں نے کہا کہ اگر کسی کا یہ خیال ہو کہ وہ اس طرح کے حملے کرکے پاکستان یاپاک آرمی کو کمزور کر سکتا ہے تو یہ اُس کی خام خیالی ہے، ملک کابچہ بچہ اپنے ملک کے دفاع، خودمختاری اور سالمیت کیلئے پاک فوج کے شانہ بشانہ اور قدم بقدم مل کرچلنے کوپوری طرح تیار ہے۔
خبر کا کوڈ : 121734
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش