QR CodeQR Code

امریکی صدر کی ایران سے ڈرون کا ملبہ واپس کرنیکی درخواست

13 Dec 2011 12:25

اسلام ٹائمز:عراقی وزیر اعظم کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس میں امریکی صدر نے کہا کہ ہم نے ایران سے ڈرون کی واپسی کا کہا ہے۔ اب دیکھتے ہیں کہ ایرانی اس کا جواب کیا دیتے ہیں۔ اوباما انتظامیہ کی طرف سے یہ پہلی کھلی تصدیق ہے کہ ڈرون ایرانیوں کے ہاتھ لگ گیا ہے۔


اسلام ٹائمز۔ امریکی صدر براک اوباما نے ایران سے ڈرون طیارہ واپس کرنے کی درخواست کر دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عراق اور امریکہ کے شام کے معاملے پر اختلافات بدستور برقرار ہیں۔ واشنگٹن میں امریکہ کے صدر بارک اوباما اور عراق کے صدر نور المالکی نے شام کے بحران پر مذاکرات کرنے کے بعد مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ دونوں رہنمائوں نے شام کے بارے میں ایک دوسرے کے موقف کو سنا، اس موقع پر امریکہ کے صدر اوباما کا زور تھا کہ شام کے صدر بشار الاسد عوام کے قتل میں ملوث ہیں، لہذا انہیں حکومت چھوڑ دینی چاہیئے، جبکہ عراق کے صدر نوری المالکی کا کہنا تھا کہ خطے کے عوام کو ان کی آزادی ملنی چاہیئے، ان کا کہنا تھا کہ شام کے عوام کو اپنی خودمختاری کی خود حفاظت کا موقع دیا جانا چاہیئے۔ نوری المالکی کا کہنا تھا کہ اس بات کو تسلیم کیا جانا چاہیئے کہ عراق اور شام کی جنگ خطے میِں امن کو تباہ کر سکتی ہے۔ براک اوباما نے ایران سے درخواست کی کہ وہ گرائے جانے والے ڈرون طیارے کا ملبہ واپس کر دے۔ 

دیگر ذرائع کے مطابق امریکی صدر بارک اوباما نے ایران سے اس امریکی ڈرون کی واپسی کا مطالبہ کیا ہے، جو بقول ایران کے اس نے اپنی فضائی حدود میں پرواز کرتے ہوئے مار گرایا ہے۔ گزشتہ روز عراقی وزیراعظم نوری المالکی سے ملاقات کے بعد مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے صدر اوباما نے خبردار کیا ہے کہ کوئی بھی ہمسایہ ملک عراق پر اثر انداز ہونے یا اس ملک میں مداخلت کرنے کی کوشش نہ کرے، عراق نے شدید برے حالات کا مقابلہ کیا، تاہم اس کی معیشت میں تیزی سے بہتری آئی، عراق کی سکیورٹی فورسز نے عراق کا انتظام سنبھال لیا ہے، 9 سال قبل شروع ہونے والی جنگ اس ماہ ختم ہو جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ افغانستان میں امن کیلئے القاعدہ کو مکمل شکست دینا ہو گی، غیر ذمہ داری کا مظاہرہ کرنے پر ایران پر پابندیاں لگائیں۔ صدر اوباما نے کہا کہ ہم نے ایران سے ڈرون کی واپسی کا کہا ہے۔ اب دیکھتے ہیں ایرانی اس کا جواب کیا دیتے ہیں۔ اوباما انتظامیہ کی طرف سے یہ پہلی کھلی تصدیق ہے کہ ڈرون ایرانیوں کے ہاتھ لگ گیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ میں انٹیلی جنس معاملات پر کوئی تبصرہ نہیں کروں گا کیونکہ یہ خفیہ ہوتے ہیں۔ امریکی صدر کا کہنا تھا کہ امریکا مستقبل میں بھی عراق کے ساتھ تعاون جاری رکھے گا، افغانستان میں امن القاعدہ کو شکست دینے سے ہی قائم ہو گا۔ 
امریکی صدر نے کہا کہ القاعدہ اس وقت شدید دباؤ کا شکار ہے، القاعدہ کے رہنما اور ارکان میدان جنگ میں پسپا ہو رہے ہیں اور ان کے محفوظ ٹھکانے محددو ہوتے جا رہے ہیں جبکہ عراقی وزیراعظم نوری المالکی نے کہا ہے کہ عراق کسی ملک میں مداخلت نہیں کرے گا، امریکا کے ساتھ اسٹرٹیجک فریم ورک معاہدہ تعاون کو بڑھائے گا، عراق سے امریکی فوج کا انخلا بڑی کامیابی ہے۔


خبر کا کوڈ: 121807

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/121807/امریکی-صدر-کی-ایران-سے-ڈرون-کا-ملبہ-واپس-کرنیکی-درخواست

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org