0
Tuesday 13 Dec 2011 18:26

کراچی میں بچوں کو دہشتگردی کیلئے تیار کرنیوالوں کیخلاف سخت کارروائی کی جائے، صاحبزادہ فضل کریم

کراچی میں بچوں کو دہشتگردی کیلئے تیار کرنیوالوں کیخلاف سخت کارروائی کی جائے، صاحبزادہ فضل کریم
اسلام ٹائمز۔ سنی اتحاد کے مرکزی دفتر میں مختلف وفود سے گفتگو کرتے ہوئے سنی اتحاد کونسل پاکستان کے چیئرمین اور رکن قومی اسمبلی صاحبزادہ فضل کریم نے کراچی کے ایک دینی مدرسہ میں طلباء کو زنجیریں پہنا کر تشدد کرنے اور انہیں دہشتگردی کے لیے تیار کرنے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس لرزہ خیز واقعہ کی تحقیقات کروا کر ذمہ دار افراد کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔ 
صاحبزادہ فضل کریم نے کہا ہے کہ دہشت گرد تیار کرنے والے مدارس کے خلاف کریک ڈاؤن کیا جائے کیونکہ ان کی تخریبی کارروائیوں کی وجہ سے دینی طبقات اور مدارس بدنام ہو رہے ہیں۔ صاحبزادہ فضل کریم نے مزید کہا کہ قومی سلامتی کے اداروں اور سیاسی قیادت کے درمیان اختلافات پیدا کرنا عالمی سازش کا حصہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ تیسری عالمی جنگ سے دنیا کو محفوظ بنانے کے لیے امریکہ کی سامراجی پالیسیوں کا خاتمہ ضروری ہے۔
 
سنی اتحاد کے چیئرمین نے کہا کہ پاکستان کے دشمنوں سے لڑنے کے لیے پاکستانی قوم کو متحد کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ قومی سلامتی کے اداروں کے خلاف ہر سازش کی مزاحمت کریں گے۔ صاحبزادہ فضل کریم نے کہا کہ امریکہ سے شمسی ائیربیس خالی کروانا اور نیٹو سپلائی بند کرنے کے فیصلے قابل تحسین ہیں۔ اب امریکہ سے فضائی راہداری کا تعاون بھی ختم کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ہم اپنے لہو سے ناموس ارض وطن کی حفاظت کریں گے۔ 
دریں اثناء سنی اتحاد کونسل کے زیراہتمام نیٹو حملوں کے خلاف 14 دسمبر کو گلبرگ لاہور میں ہونے والی اہلسنّت جماعتوں کی آل پارٹیز کانفرنس کی تیاریوں کو آخری شکل دے دی گئی ہے اور ملک گیر رابطے مکمل کر لیے گئے ہیں۔ کانفرنس میں 30 سے زائد جماعتوں کے مرکزی قائدین شریک ہوں گے اور اہم فیصلے کئے جائیں گے۔
 
کانفرنس صبح 10 بجے شروع ہو گی اور صدارت سنی اتحاد کونسل کے چیئرمین صاحبزادہ فضل کریم کریں گے۔ جن جماعتوں نے کانفرنس میں شرکت کی دعوت قبول کی ہے ان میں مرکزی جمعیت علمائے پاکستان، جماعت اہلسنّت پاکستان، سنی تحریک، عالمی تنظیم اہلسنّت، نظام مصطفٰی پارٹی، مرکزی جماعت اہلسنّت، انجمن طلبائے اسلام، انجمن اساتذہ پاکستان، تحفظ ناموس رسالت محاذ، ادارہ صراط مستقیم، تحریک فدایان ختم نبوت، اتحاد المشائخ پاکستان، حلقہ سیفیہ، خیرالامم فاؤنڈیشن، کاروان اسلام، پاکستان مسلم فرنٹ، جماعت رضائے مصطفٰی، سنی تنظیم القراء، مرکزی مجلس چشتیہ، فکر رائٹرز فورم، انجمن نوجوانان اسلام، انجمن فدایان مصطفٰی، مرکزی بزم مشتاقان رسول (ص)، نعیمین ایسوسی ایشن، مجلس علمائے نظامیہ، شیران اسلام، تحریک فروغ اسلام، کونسل آف جرائد اہلسنّت، ادارہ المصطفٰی اور مصطفائی تحریک شامل ہیں۔
خبر کا کوڈ : 121910
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش