QR CodeQR Code

پنجاب اسمبلی نے میٹرک تک قرآن و حدیث کو تعلیمی نصاب کا لازمی حصہ بنانے کی قرارداد منظور کرلی

14 Dec 2011 00:12

اسلام ٹائمز:قائم مقام سپیکر کی زیر صدارت منعقد ہونے والے پنجاب اسمبلی کے اجلاس میں صدر آصف علی زرداری کی بیماری کے حوالے سے مسلم لیگ ن کے رکن پنجاب اسمبلی کے زرداری کی بیماری کے حوالے سے مسلم لیگ ن کے رکن کے ریمارکس پر رانا مشہود احمد خان نے سیاسی قیادت کے احترام کی ہدایت کی۔


اسلام ٹائمز۔ پنجاب اسمبلی نے میٹرک تک قرآن و حدیت کو تعلیمی نصاب کا لازمی حصہ بنانے سمیت مفاد عامہ کی چار قراردادیں منظور کر لیں۔ نجی اراکین کی طرف سے پیش کی گئی دیگر قراردادوں میں وفاقی حکومت سے یوٹیلٹی سٹورز کے ملازمین کو مستقل کرنے کی سفارش، ڈیرہ غازی خان میڈیکل کالج میں دوسرے صوبوں کے طلباء کے لئے نشستیں مختص کرنے اور ضلع سرگودھا کے شہر بھیرہ کو تحصیل کا درجہ دینے کی سفارش کی گئی۔

پوائنٹ آف آرڈر پر قائد حزب اختلاف راجہ ریاض نے ایوان کے اندر مسلم لیگ ن کی حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے اپنے حلقے میں پیپلز پارٹی کے پوسٹرز پھاڑنے اور اپوزیشن اراکین کے ترقیاتی فنڈز بند کرنے کی شدید مذمت کی۔ انہوں نے کہا کہ شریف برادران کو پیپلز پارٹی کا نشان پسند نہیں تو واپس جدہ چلے جائیں۔ کیونکہ اب پورے ملک میں پیپلز پارٹی کا نشان نظر آئے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت مسلم لیگ ن کے اراکین سمیت تمام جماعتوں کے منتخب ارکان کو ترقیاتی فنڈز جاری کرتی ہے تو مسلم لیگ ن کی صوبائی حکومت ایسا کیوں نہیں کرتی۔

راجہ ریاض نے ایک بار پھر وزیر اعلٰی پنجاب میاں شہباز شریف کی ایوان میں عدم موجودگی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ وہ اسمبلی میں آئیں گے تو ان کی اپنی عزت میں اضافہ ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ میاں شہباز شریف وزیراعظم کی طرح اسمبلی میں آ کر اراکین کے سوالات کے جوابات خود دیں۔ ان کا کہنا تھا کہ وزیراعلٰی جمہوری سوچ نہیں رکھتے، اسمبلی میں آنا توہین سمجھتے ہیں۔ وزیر قانون پنجاب رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا کہ ضرورت ہوئی تو وزیر اعلٰی ایوان میں آئیں گے، ان کی عدم موجودگی میں وہ خود تمام امور سرانجام دینے کے لئے تیار ہیں۔

اجلاس کے دوران صدر آصف علی زرداری کی بیماری کے حوالے سے مسلم لیگ ن کے رکن اسمبلی اصغر علی منڈا کے ریمارکس پر پیپلز پارٹی کے اراکین نے شدید احتجاج کیا۔ جس پر قائم مقام سپیکر رانا مشہود احمد خان نے اراکین کو سیاسی قیادت کا احترام کرنے اور شائستگی برقرار رکھنے کی ہدایت کی۔


خبر کا کوڈ: 121977

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/121977/پنجاب-اسمبلی-نے-میٹرک-تک-قرآن-حدیث-کو-تعلیمی-نصاب-کا-لازمی-حصہ-بنانے-کی-قرارداد-منظور-کرلی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org