0
Wednesday 14 Dec 2011 21:16

وفاقی کابینہ کی سٹیل ملز کے سربراہ کی تعیناتی اور بورڈ آف ڈائریکٹرز کے ارکان ایک ہفتے میں پورے کرنیکی ہدایت

وفاقی کابینہ کی سٹیل ملز کے سربراہ کی تعیناتی اور بورڈ آف ڈائریکٹرز کے ارکان ایک ہفتے میں پورے کرنیکی ہدایت
اسلام ٹائمز۔ وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ پیپلزپارٹی حکومت نے تمام صوبوں کو صوبائی خودمختاری دی جو 18ویں ترمیم کی منظوری کے بعد عمل میں آئی، حکومت عوام کے مسائل حل کرنے کیلئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کررہی ہے، گورنر ہائوس پشاور میں وفاقی کابینہ کے اجلاس کے بعد پریس بریفنگ میں اجلاس کی تفصیلات سے صحافیوں کو آگاہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آج کے اجلاس میں گزشتہ اجلاس میں کیے گئے فیصلوں پر عملدرآمد کا جائزہ لیا گیا، اجلاس کو بتایا گیا کہ 114 میں سے سو فیصلوں پر عملدرآمد ہوچکا ہے جبکہ 14 فیصلوں پر عملدرآمد کیلئے کام جاری ہے، وزیراعظم نے اس موقع پر باقی فیصلوں پر بھی جلد عملدرآمد کرنے کی ہدایت کی۔
انہوں نے کہا کہ عوام کو بنیادی ضروری اشیاء کی مناسب قیمتوں پر فراہمی کیلئے کنزیومر پرائس انڈکس کا جائزہ لیا گیا، وزیر اعلیٰ امیر حیدر خان ہوتی نے اس موقع پر بڑی فراغ دلی سے قبول کیا کہ قیمتوں پر چیک رکھنا صوبائی حکومت کی ذمہ داری ہے، انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے انہیں یقین دلایا کہ عوام کو اشیاء ضروریہ کی مناسب قیمتوں پر فراہمی کے حوالے سے کسی بھی مسئلے کے حل کیلئے وفاقی حکومت ہر وقت اپنا کردار ادا کرنے کیلئے تیار ہے، اس کے علاوہ اجلاس کو بتایا گیا کہ پچھلے سال نومبر میں تباہ کن سیلاب کی وجہ سے افراط زر بے پناہ اضافے کیساتھ پچیس فیصد تک پہنچ گیا تھا جوکہ اس سال نومبر میں کم ہوکر 10.2 فیصد رہ گیا ہے، تاہم وزیراعظم نے ہدایت کی کہ اس کو مزید کم کرنے کی ضرورت ہے۔
اجلاس میں سیکرٹری فنانس نے اشیائے ضروریہ کی قیمتوں پر بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ 19 آئٹمز کی قیمتوں میں اضافہ جبکہ 10 قیمتوں میں کمی واقع ہوئی ہے، فردوس عاشق نے کہا کہ کابینہ کے ہر اجلاس میں قومی اداروں کی بحالی اور کارکردگی کا جائزہ لیا جاتا ہے، آج کے اجلاس میں پاکستان سٹیل ملزکی کارکردگی اور بحالی کے حوالے سے منسٹری آف پروڈکشن کی طرف سے بریفنگ دی گئی، اجلاس کو بتایا گیا کہ سٹیل مل کو اب تک تیس ارب روپے کے دو بیل آئوٹ پیکج دیئے جا چکے ہیں۔
فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ پاکستان اسٹیل کو اپنے پائوں پر کھڑا کرنے اور اسے منافع بخش ادارہ بنانے کیلئے اجلاس میں مختلف قسم کی تجاویز پیش کی گئیں، اس حوالے سے وزیراعظم نے ایک ہفتے کے اندر سٹیل مل کے سربراہ کی تقرری اہلیت کی بنیاد پر کرنے اور بورڈ آف ڈائریکٹرز میں مزید تین ڈائریکٹرز کی تعیناتی کرنے کی ہدایات جاری کیں، پاکستان سٹیل ملز کو ایک اور بیل آئوٹ پیکج کے متعلق ایک سوال کے جواب میں وفاقی وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ اجلاس میں اس پر تفصیلی بحث کی گئی اور فنانس ڈویژن نے بھی پیکج دینے پر رضامندی ظاہر کی، کرسمس کے موقع پر مسیحائی برادری کو اشیاء ضروریہ کی مناسب قیمتوں پر فراہمی کیلئے وزیراعظم یوسف رضا گیلانی نے صوبائی حکومت کو سستے بازاروں کے انعقاد کی ہدایت کی، انہوں نے کہا کہ اجلاس میں برازیل اور مصر کے پاکستان کیساتھ کیے گئے معاہدوں کی منظوری بھی دی گئی اور اس حوالے سے متعلقہ حکام کو ہدایت جاری کی گئیں کہ ان معاہدوں کی روشنی میں ضروری ترجیحات طے کی جائیں، انہوں نے کہا کہ دہشت گردی سے متاثرہ خیبر پختونخوا اور قبائلی علاقوں کے انفراسٹرکچر کی بحالی کیلئے سعودی عرب نے 27 کروڑ ریال قرض فراہم کیا ہے جوکہ مالاکنڈ ڈویژن اور فاٹا پر خرچ کیے جائینگے، ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ سعودی عرب کے قرضے کا کیری لوگر بل کیساتھ موازنہ نہ کیا جائے کیونکہ سعودی عرب اور پاکستان کے باشندے ایک ہی قوم ہیں، امریکی امداد کی بندش کے اثرات سے متعلق ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ایسی کوئی بات ابھی تک ہمارے سامنے نہیں آئی۔
خبر کا کوڈ : 122252
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش