QR CodeQR Code

پی پی کی اتحادی اے این پی ریلوے کو نگل چکی، اب پی آئی اے کی تباہی کے منصوبے بنائے جا رہے ہیں، منور حسن

15 Dec 2011 22:19

اسلام ٹائمز:امیر جماعت اسلامی پاکستان نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی ناکامی کااعتراف کر کے ملک میں نئے انتخابات کا اعلان کر دے، آئین میں ذہنی و جسمانی بیمارصدر کی گنجائش نہیں، گیلانی میمو گیٹ کی ذمہ داری قبول کرنے سے پہلے آئین کی دفعہ 6 کے تحت بغاوت کی سزا پر غور کرلیں۔


اسلام ٹائمز۔ امیر جماعت اسلامی پاکستان منور حسن نے کہا ہے کہ پیپلزپارٹی صدر زرداری کو لاحق بیماری پر پردہ ڈال کر قوم کو کنفیوژ کرنے کے بجائے حقائق سامنے لائے، ملک کے حالات انتہائی گھمبیر صورت اختیار کر چکے ہیں، حکمران جماعت سنجیدگی اختیار کرے، آئین میں صدر کی تبدیلی کے حوالے سے دفعہ موجود ہے، حکومتی وزراء معاملے کی نزاکت کو سمجھنے کے بجائے قوم کو اندھیرے میں رکھ رہے ہیں جس سے مزید مسائل پیدا ہوں گے، انہوں نے کہا کہ امریکہ سنٹرل ایشیا کے وسائل پر قبضہ کرنے کے لیے ہماری دہلیز تک پہنچنا چاہتا ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے جماعت اسلامی جنوبی پنجاب کے میڈیا کوآرڈی نیٹر کنور محمد صدیق سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، اُنہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کی دیانتدار قیادت ہی ملک کو کرپشن سے نجات اور عوام کے دکھوں کامداوا کر سکتی ہے، جماعت کے کسی رکن اسمبلی کے دامن پر کرپشن کا کوئی داغ نہیں، فوج اپنے ماٹو ایمان، تقوٰی اور جہاد کی طرف پلٹ آئے، پی پی پی کی اتحادی اے این پی ریلوے کو نگل چکی ہے اور اب پی آئی اے کی تباہی کے منصوبے بنائے جارہے ہیں۔
امریکہ افغانستان میں شکست کی ہزیمت کا بدلہ پاکستان سے لے رہاہے، وہ پاکستان کو جوہری اثاثوں سے محروم کر کے خطے میں بھارتی بالادستی قائم کرنے اور چین کے کردار کو محدود کرنے کی منصوبہ بندی کر چکا ہے، کشمیریوں کی تحریک آزادی کو کچلنے کے لیے امریکہ بھارت کی مدد کر رہاہے، جماعت اسلامی ان میڈیا مالکان کو سرپرائز دے گی جو امریکی دھمکی پر غش کھا کر گر پڑتے ہیں اور ملک دشمن عناصر کو بڑھا چڑھا کر پیش کرتے ہیں اور محب وطن قوتوں کو دبا کر رکھنا چاہتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ گزشتہ دس سال میں امریکی ظلم و جبر اور جارحانہ رویے نے ثابت کر دیاہے کہ وہ ہمارا کھلا دشمن اور ہماری آزادی و خود مختاری پر ڈاکہ ڈالنا چاہتاہے جس کے لیے وہ پاکستان کے ایٹمی پروگرام کو ختم کر کے خطے میں بھارت کا اثر و رسوخ بڑھا نے کی کوشش کر رہا ہے، انہوں نے کہا کہ ایبٹ آباد واقعہ کے بعد صدر کو امریکہ کے پاکستان دشمن ہونے کا اعلان کر کے دہشتگردی کیخلاف جنگ سے نکل آنا چاہیے تھا لیکن حکمرانوں کی کمزوری کی وجہ سے امریکہ کو ہماری چیک پوسٹوں پر حملہ کر کے ہمارے 24 جوانوں کو شہید کرنے کی جرأت ہوئی، انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکمران کھل کر اعلان کریں کہ ہمارا امریکہ کے ساتھ کوئی تعلق نہیں، ہمارے اور امریکہ کے مفادات ایک نہیں۔
انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی نئے صوبوں کے قیام کی حمایت کرتی ہے، جماعت اسلامی آئندہ انتخابات میں بڑی اکثریت میں کامیاب ہو کر میڈیا کو سرپرائز دے گی، ہمارے منشور کا پہلا نقطہ یہ ہے کہ پاکستان کو مدینہ کی ریاست کا نمونہ بنائیں گے اور بجلی، گیس، مہنگائی، غربت، بے روزگاری، کرپشن اور لاقانونیت کی جس دلدل میں اسے دھکیل دیا گیا ہے، عوام کو اس سے نجات دلائیں گے اور قوم کو اللہ کی بندگی اور خوشحالی کے راستے پر ڈال دیں گے، انہوں نے کہا کہ عوام کو موسیقی اور طبلے کی تھاپ کی نہیں، جذبہ جہاد اور شوق شہادت پیدا کرنے کی ضرورت ہے، انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کے 150 ممبران اسمبلیوں میں رہے لیکن کسی کے دامن پر کرپشن کا کوئی داغ نہیں، ایسی مثال کوئی اور جماعت پیش نہیں کر سکتی، عوام ملک میں حقیقی تبدیلی چاہتے ہیں تو جماعت ا سلامی کی شفاف قیادت کو آئندہ الیکشن میں منتخب کرے۔


خبر کا کوڈ: 122568

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/122568/پی-کی-اتحادی-اے-این-ریلوے-کو-نگل-چکی-اب-آئی-تباہی-کے-منصوبے-بنائے-جا-رہے-ہیں-منور-حسن

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org