QR CodeQR Code

مٹھی بھر شرپسندوں کو حکومت کنٹرول کرے، ترجمان شیعہ علماء کونسل

17 Dec 2011 12:24

اسلام ٹائمز:علامہ ساجد نقوی کے ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ ایسے عناصر نے فرقہ واریت اور فرقہ وارانہ دہشتگردی کو ایک بار پھر سے ہوا دینے کی مذموم کوششیں شروع کر رکھی ہیں جن کے موثر سدباب کے لئے اسلامیان پاکستان کو باہم متحد ہو کر ان سازشوں کو ناکام بنانا ہو گا۔


اسلام ٹائمز۔ راولپنڈی سے جاری کردہ ایک بیان میں علامہ سید ساجد علی نقوی کے ترجمان نے کہا ہے کہ وطن عزیز کی سلامتی، خودمختاری اور استحکام کے لئے داخلی امن و استحکام لازم و ناگزیر ہے اور ملک کے تمام محب وطن طبقات کو ملکی و بین الاقوامی حالات کے تناظر میں اتحاد و وحدت اور اخوت کا مظاہرہ کرتے ہوئے ملک کے داخلی و خارجی دشمنوں کے خلاف متحد ہونا ہو گا کیونکہ ایک جانب خارجی محاذوں پر مشکلات درپیش ہیں، جس کی تازہ مثال سلالہ چیک پوسٹ پر نیٹو فورسز کے حملے کے نتیجے میں ہونے والا شدید نقصان ہے اور داخلی طور پر ملک کی امن و وحدت اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی کے دشمن شرپسند عناصر بھی پورے ملک خاص طور پر صوبہ پنجاب کے مختلف اضلاع میں سرگرم ہیں جن کی سرگرمیوں پر نظر رکھتے ہوئے ضروری اقدامات کئے جائیں تاکہ ملک اور اس کے عوام سکھ کا سانس لے سکیں۔
 
ترجمان نے مزید کہا کہ عشرہ محرم الحرام کے دوران تمام مکاتب و مسالک کے عوام نے نواسہ رسول اکرم ص امام عالی مقام ع سے جس بے پناہ عقیدت اور والہانہ وابستگی کا ثبوت دیتے ہوئے اپنے اپنے انداز میں شہدائے کربلا کی عظیم قربانی کو خراج عقیدت پیش کیا وہ لائق تحسین ہے۔ مثالی اتحاد و وحدت کا یہ مظاہرہ امت مسلمہ کو امت واحدہ کے طور پر پیش کرنے کا واضح ثبوت ہے، تاہم مٹھی بھر شرپسند عناصر جن کا کسی مکتب فکر سے کوئی تعلق نہیں اور ان کا مذہب و مسلک فقط و فقط شرانگیزی، نفرت و انتشار، قتل و غارت گری اور دہشتگردی ہے، ایسے عناصر نے فرقہ واریت اور فرقہ وارانہ دہشتگردی کو ایک بار پھر سے ہوا دینے کی مذموم کوششیں شروع کر رکھی ہیں، جن کے موثر سدباب کے لئے ایک طرف اسلامیان پاکستان کو باہم متحد ہو کر ان سازشوں کو ناکام بنانا ہو گا اور دوسری طرف ریاست اور انتظامیہ کو اپنے فرائض منصبی کی ادائیگی میں خلوص اور دیانت سے کام لینا ہو گا، تاکہ ملک امن و خوشحالی کا گہوارہ بن سکے۔


خبر کا کوڈ: 122877

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/122877/مٹھی-بھر-شرپسندوں-کو-حکومت-کنٹرول-کرے-ترجمان-شیعہ-علماء-کونسل

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org