QR CodeQR Code

متحدہ شہری محاذ ملتان کا سی این جی کی لوڈ شیڈنگ کے خلاف احتجاجی مظاہرہ

17 Dec 2011 21:25

اسلام ٹائمز:متحدہ شہری محاذ ملتا ن کے صدر طارق نعیم اللہ کاکہنا تھا کہ سی این جی کی لوڈ شیڈنگ میں سندھ کے ساتھ امتیازی سلوک اور پنجاب کے ساتھ تعصبانہ اورغیر منصفانہ سلوک کیوں کیا جا رہا ہے، پنجاب میں لاکھوں محنت کش مزدور موجودہ حکومت کی ناقص پالیسیوں کی وجہ سے فاقہ کشی پر مجبور ہیں جبکہ ہمارے حکمران چین کی نیند سوتے ہیں ۔


اسلام ٹائمز۔ متحدہ شہری محاذ ملتان کے زیراہتمام سی این جی کی غیر منصفانہ لوڈشیڈنگ کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا گیا، مظاہرے کی قیادت متحدہ شہری محاذ ملتان کے صدر طارق نعیم اللہ نے کی، مظاہرین نے حکومت مخالف بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے، جن پر پنجاب کے ساتھ غیر منصفانہ سلوک بند کرو، مزدوروں کا معاشی قتل عام بند کرو، الوداع الوداع زرداری گیلانی الوداع، جیسے نعرے درج تھے، اس موقع پر وفاقی وزیر پٹرولیم کا پتلا بھی نذر آتش کیا گیا۔
مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے طارق نعیم اللہ نے کہا کہ سی این جی کی غیر منصفانہ تقسیم کی وجہ سے آج پورے پنجاب میں صنعتیں اور کاروباری مراکز متاثر نظر آتے ہیں، لیکن ہمارے امریکی غلام حکمران اپنی لوٹ مار، کرپشن میں مصروف ہیں، روٹی کپڑا اور مکان کا نعرہ لگانے والے یہ حکمران آ ج غریبوں کو بھوکہ مار رہے ہیں، ان حکمرانوں کا اقتدار میں رہنا عوام کے لیے کسی عذاب سے کم نہیں،سی این جی، گیس، بجلی کی لوڈ شیڈنگ میں پنجاب کے ساتھ غیر منصفانہ رویہ اختیار کیا ہے اور جان بوجھ کر پنجاب کا معاشی قتل کیا جا رہا ہے، جس طرح صدر پاکستان ملک سے فرار ہو چکے ہیں اسی طرح جلد وزیر اعظم گیلانی فرار ہونے والا ہے۔


خبر کا کوڈ: 122907

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/122907/متحدہ-شہری-محاذ-ملتان-کا-سی-این-جی-کی-لوڈ-شیڈنگ-کے-خلاف-احتجاجی-مظاہرہ

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org