0
Tuesday 29 Sep 2009 10:38

میر واعظ کی صدر پاکستان سے ملاقات،مسئلہ کشمیر پس پشت ڈال کر بھارت سے تعلقات نہیں بڑھائیں گے،زرداری

میر واعظ کی صدر پاکستان سے ملاقات،مسئلہ کشمیر پس پشت ڈال کر بھارت سے تعلقات نہیں بڑھائیں گے،زرداری
نیویارک:صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ حکومت پاکستان کشمیریوں کی سیاسی و اخلاقی مدد جاری رکھے گی۔بھارت کے ساتھ تنازعات میں کشمیر سر فہرست ہے جس کا پرامن حل اولین ترجیح ہے اور مسئلہ کشمیر کے پر امن حل کیلئے بھارت کے ساتھ مذاکرات میں کشمیریوں کی خواہشات کو ہر لحاظ ملحوظ خاطر رکھا جائے گا۔یہ یقین دہانی صدر آصف علی زرداری نے نیو یارک میں حریت کانفرنس کے چیئرمین میر واعظ عمر فاروق سے ملاقات کے دوران کرائی ۔جس میں مسئلہ کشمیر سمیت باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔صدر زرداری اور حریت رہنما میر واعظ عمر فاروق کے درمیان ملاقات تقریبا 30 منٹ تک جاری رہی۔ جس میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، امریکا میں پاکستانی سفیر حسین حقانی،بھارت میں پاکستان کے سفیر شاہد ملک اور سیکرٹری خارجہ سلمان بشیر بھی شریک تھے۔ملاقات میں صدر زرداری نے میر واعظ عمر فاروق کو یقین دلایا کہ حکومت پاکستان کشمیریوں کی سیاسی و اخلاقی مدد جاری رکھے گی۔پاکستان مسئلہ کشمیر سے چشم پوشی کر کے بھارت سے تعلقات بڑھانے کا خواہاں نہیں ہے ۔اس موقع پر حریت کانفرنس کے چیئرمین نے صدر زرداری کو مقبوضہ کشمیر کی موجودہ صورت حال سے آگاہ کیا ۔ صدر آصف علی زرداری سے ملاقات کے بعد ایک نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے کل جماعتی حریت کانفرنس (انصاری گروپ )کے سربراہ میر واعظ عمر فاروق نے کہا ہے کہ صدر زرداری سے کشمیر کے مسئلے پر تفصیلی بات چیت ہوئی ہے اور پاکستانی حکومت نے کشمیر کے مسئلے کو حل کرنے کے لیے ہر ممکن سیاسی اور سفارتی حمایت کا یقین دلایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ صدر زرداری کو بتایا کہ کشمیری عوام پاکستان سے کافی توقعات رکھتے ہیں۔ اس لیے حکومت پاکستان مسئلہ کشمیر کو ہر سطح پر اٹھائے ۔ اور پاک بھارت مذاکرات میں اس مسئلے کو اولیت حاصل ہونی چاہیئے ۔ میر واعظ نے کہا کہ کل جماعتی حریت کانفرنس کی خواہش ہے کہ پاکستان کشمیر کی زمینی صورت حال کے مطابق مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرے۔ میر واعظ نے کہا کہ صدر زرداری نے یقین دلایا ہے کہ پاکستان مسئلہ کشمیر کے پرامن حل کے لیے پر عزم ہے اور کشمیری عوام کی امنگوں کو ہر لحاظ میں ملحوظ ر کھا جائے گا۔ میر واعظ کا کہناتھا کہ صدر زرداری نے کہا ہے کہ پاکستان مسئلہ کشمیر سے چشم پوشی کرکے بھارت سے تعلقات بڑھانے کا خواہاں نہیں ہے اور یہ کہ کشمیری قیادت کو بھی مذاکرات میں شامل کیا جائے تا کہ یہ مسئلہ پرامن اور باعزت طریقے سے حل ہو سکے ۔کل جماعتی حریت کانفرنس (میر واعظ) گروپ کے چیئرمین میر واعظ عمر فاروق نے نیو یارک میں ایرانی وزیر خارجہ منوچہر متقی کے ساتھ ملاقات کی ہے ،ایک ریاستی اخبار کے مطابق ملاقات میں ایرانی وزیر خارجہ نے کشمیریوں کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا اور ایران کی طرف سے مسئلہ کشمیر کی بھر پور حمایت کا یقین دلایا گیا ،علاوہ ازیں میر واعظ عمر فاروق نے ترکی ،نائیجریا ،ڈنمارک اور ناروے کے نمائندوں سے بھی ملاقاتیں کیں اور انہیں مقبوضہ کشمیر کی صورت حال پر بریف کیا جبکہ انہوں نے افغانستان میں اقوام متحدہ کے نمائندوں سے بھی ملاقات کی ہے۔

خبر کا کوڈ : 12313
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش