0
Tuesday 29 Sep 2009 13:00

بنوں میرعلی،ڈرون حملہ،خودکش دھماکہ،5جاں بحق،18جنگجو ہلاک،1 اہلکار شہید

بنوں میرعلی،ڈرون حملہ،خودکش دھماکہ،5جاں بحق،18جنگجو ہلاک،1 اہلکار شہید
میر علی،بنوں،سوات:شمالی وزیرستان میں رات گئے ڈرون حملہ کیا گیا۔ آخری اطلاعات تک ہلاک اور زخمی ہونے والوں کی تعداد معلوم نہ ہو سکی۔جبکہ بنوں میں خودکش حملے میں امن کمیٹی کے رکن سمیت پانچ افراد جاں بحق ہو گئے جبکہ شمالی وزیرستان میں راکٹ حملے اور جوابی کارروائی میں ایک سیکیورٹی اہلکار شہید اور 18  شدت پسند مارے گئے۔ تفصیلات کے مطابق بنوں کے علاقے بکا خیل میں میرانشاہ روڈ پر امن کمیٹی کے رکن مولوی عبدالحکیم اپنے ساتھیوں کے ہمراہ گاڑی میں جا رہے تھے کہ خیسور پولیس چیک پوسٹ کے قریب خودکش حملہ آور نے اپنی بارود بھری گاڑی ٹکرا دی۔ واقعہ میں مولوی عبدالحکیم سمیت پانچ افراد جاں بحق ہو گئے ہیں جبکہ ایک خاتون سمیت 6افراد زخمی ہو گئے۔ جنہیں بنوں کے مقامی ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ دھماکے کے بعد پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا اور بم ڈسپوزل سکواڈ کو طلب کرکے شواہد جمع کرنے کا سلسلہ شروع کر دیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق مولانا عبدالحکیم کو کافی عرصے سے عسکریت پسندوں کی جانب سے قتل کی دھمکیاں مل رہی تھیں۔ علاوہ ازیں شمالی وزیرستان کی تحصیل رزمک میں فورسز کی مختلف چیک پوسٹوں پر شدت پسندوں نے راکٹ حملے کئے جس میں ایک سیکورٹی اہلکار جاں بحق اور 11 زخمی ہو گئے۔ فورسز کی جوابی کارروائی میں 15شدت پسند مارے گئے۔ فورسز نے متعدد شدت پسندوں کی لاشوں کو قبضے میں لے لیا جبکہ کچھ شدت پسندوں کی لاشوں کو شدت پسند اپنے ساتھ لے کر فرار ہو گئے۔ خیبر ایجنسی کی تحصیل باڑہ میں سرچ آپریشن کے دوران فائرنگ سے ایک مشتبہ شخص ہلاک اور دو زخمی ہو گئے۔ مہمند ایجنسی کی تحصیل صافی میں مکان پر گولہ گرنے سے خاتون جاں بحق ہو گئی۔ لوئر اورکزئی ایجنسی کے علاقے ڈبوری میں نامعلوم افراد نے ایک سیکورٹی اہلکار کو اغوا کر لیا۔ ادھر آئی ایس پی آر سے جاری کردہ تفصیلات کے مطابق وادی پیرانو میں 4 مشتبہ شر پسند گرفتار کر لئے گئے۔ کبل اور بار شور میں 2شرپسندوں نے ہتھیار ڈال دیئے۔ تلی گرام میں آپریشن کے دوران 5 شر پسند پکڑے گئے۔ درائی میں سرچ آپریشن کے دوران افغان نیشنل دہشت گرد پکڑا گیا۔ دیولائی میں 5 جنگجوؤں اور شاہڈنڈ بانڈہ میں 2 شر پسندوں نے رضاکارانہ طور پر ہتھیار ڈال دیئے۔

خبر کا کوڈ : 12336
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش