QR CodeQR Code

فاٹا میں دہشتگردی کا تقریباً خاتمہ ہو چکا ہے، مسعود کوثر

20 Dec 2011 00:45

اسلام ٹائمز:پشاور میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے گورنر خیبر پختونخوا نے کہا کہ سازشی عناصر اپنی سیاست چمکانے کے لئے بلوں سے نکل آئے ہیں، یہ لوگ اس وقت کہاں تھے جب ملک میں دہشت گردی عروج پر تھی۔


اسلام ٹائمز۔ گورنر خیبر پختونخوا بیرسٹر مسعود کوثر نے کہا ہے کہ حکومت کے موثر اقدامات کی وجہ سے فاٹا میں دہشت گردی کا تقریباً خاتمہ ہو چکا ہے اور عوام آرام و سکون سے زندگی گزار رہے ہیں، دہشت گردی کی اس جنگ میں جن لوگوں نے جانوں کی قربانیاں دی ہیں، وفاقی حکومت ان کے لواحقین کے لئے خصوصی مراعاتی پیکیج دے تاکہ متاثرہ خاندان کی کسی نہ کسی حد تک مدد ہو سکے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنر ہائوس پشاور میں بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تحت منعقد ہونے والی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا، انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کی حکومت نے بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام شروع کیا جو کہ دنیا کے لئے ایک مثالی پروگرام ہے، اس سے ملک کے وہ غریب عوام مستفید ہوں گے جو پہلے اس قسم کے امدادی پروگرام سے محروم تھے۔
انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کی جنگ میں خیبر پختونخوا اور فاٹا کے عوام نے جان و مال کی قربانی دے کر بہادری سے اس جنگ کا سامنا کیا اور اس میں کامیابی حاصل کی، جس پر اے این پی اور پیپلز پارٹی کی اتحادی حکومت کے قائدین خراج تحسین کے مستحق ہیں، انہوں نے کہا کہ دونوں پارٹیوں کی قیادت نے مشکل وقت میں جو کٹھن فیصلے کئے اس سے پاکستان اور قوم کے لئے کامیابی کا حصول ممکن ہوا، آج سازشی عناصر اپنی سیاست چمکانے کے لئے اپنے بلوں سے نکل آئے ہیں یہ لوگ اس وقت کہاں تھے جب ملک میں دہشت گردی عروج پر تھی، انہوں نے کہا کہ فاٹا میں پولیو کے خاتمے کے لئے سنجیدگی سے اقدامات اٹھائے جانے چاہئیں کیونکہ یہ بچوں کے مستقبل کا معاملہ ہے، اس سلسلے میں وہاں کے علماء، سیاسی لوگ اور اساتذہ کو پولیو سے بچائو کی مہم میں اپنا بھرپور کردار ادا چاہئے تاکہ پولیو جیسی مہلک بیماری کا خاتمہ ہو سکے۔


خبر کا کوڈ: 123618

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/123618/فاٹا-میں-دہشتگردی-کا-تقریبا-خاتمہ-ہو-چکا-ہے-مسعود-کوثر

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org