0
Tuesday 20 Dec 2011 20:57

پارلیمان ڈائری، اقلیتی ممبراں کا سندھ میں جاری ہندو برادری کے اغواء اور قتل عام پر احتجاج

پارلیمان ڈائری، اقلیتی ممبراں کا سندھ میں جاری ہندو برادری کے اغواء اور قتل عام پر احتجاج
اسلام ٹائمز۔ پینل آف چیئرمین کے ممبر یوسف تالپور کی زیر صدارت قومی اسمبلی کا اجلاس ہوا۔ آج ایوان میں نجی کاروائی کا دن تھا، مختلف ممبران نے اپنے حلقوں کے مسائل پر سیر حاصل گفتگو کی۔ بحث میں حصہ لیتے ہوئے اقلیتی ممبر قومی اسمبلی کشن چند پروانی نے سندھ میں جاری ہندو برادری کے اغواء اور قتل عام پر احتجاج کیا۔ اقلیتوں سے حکومتی ممبر کھٹومل جیون داس نے ہندو لڑکیوں کو اغواء کرنے اور بعد ازاں ان کو اسلام قبول کروانے کی شدید الفاظ میں مذمت کی۔ انہوں نے کہا کہ جنرل ضیاء الحق ڈکٹیر کے دور سے سندھ کے اندر اقلیتوں کو مجبور کیا گیا کہ یہ ملک چھوڑ دیں۔ کھٹومل جیون کا کہنا تھا کہ ہمارے بچوں کو اغواء کیا جاتا ہے اور پھر بھاری تاوان کا مطالبہ کیا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حال ہی میں ضلع مٹھی سے بچیوں کو اغواء کرکے زبردستی اسلام قبول کروایا گیا۔ 
سیلاب اور بارش سے متاثرہ لوگوں کے مسائل پر بات کرتے ہوئے ممبران کا کہنا تھا کہ اس سردی کے موسم میں مجبور اور لاچار لوگ کھلے آسمان تلے بے آسرا رہنے پر محبور ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اس وقت ٹینٹ اور کمبل کی اشد ضرورت ہے۔ 

ممبران کا کہنا تھا کہ ملک میں کپاس وافر مقدار میں موجود ہے لیکن خریدار نہیں ہے۔ جس کی وجہ سے کپاس کی قیمتیں روز بروز کم ہو رہی ہیں۔ اس سلسلے میں ٹی سی پی نے اپنے وعدے کے مطابق زمینداروں سے کپاس نہیں خریدی جس کی وجہ سے کسانوں کے لئے مشکلات بڑھتی جا رہی ہیں۔ اس پر ایوان میں موجود وزیر اعظم نے کہا کہ اس سلسلے میں وزارت خزانہ سے رابطہ جاری ہے، جلد اس مسئلے کا حل تلاش کر لیا جائے گا۔

لاہور سے ممبر قومی اسمبلی یاسمین رحمان نے کہا کہ معزز ممبران کو قانون سازی کے سلسلے میں ڈرافٹر فراہم کئے جائیں تاکہ مختلف مسائل پر بروقت قانون سازی کی جا سکے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ ملٹی نیشنل کمپنیاں جو پاکستان کے پانی کو پاکستان میں مہنگے داموں فروخت کرتی ہیں ان پر پابندی لگائی جائے اور منرل واٹر کی بوتلوں میں آرسینک کی موجودگی کی تحقیقات کی جائیں۔ اس بحث کے بعد ایوان کا اجلاس کل صبح دس بجے تک کے لئے ملتوی ہو گیا۔

خبر کا کوڈ : 123765
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش