0
Wednesday 21 Dec 2011 20:58

پنجاب یونیورسٹی میں یوم امام حسین (ع) کی مناسبت سے ’’حسین سب کا ‘‘سیمینار جمعرات کو ہو گا

پنجاب یونیورسٹی میں یوم امام حسین (ع) کی مناسبت سے ’’حسین سب کا ‘‘سیمینار جمعرات کو ہو گا
اسلام ٹائمز۔ یوم امام حسین علیہ السلام کی مناسبت سے سیمینار بعنوان ’’حسین (ع) سب کا‘‘ جمعرات کو جامعہ پنجاب میں منعقد ہو گا۔ آئی ایس او پاکستان پنجاب یونیورسٹی یونٹ کے رہنما غضنفر عباس نے ’’اسلام ٹائمز‘‘ سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب یونیورسٹی پاکستان کی ایک بڑی درس گاہ ہے جس میں ملک بھر سے طلبہ وطالبات کی کثیر تعداد زیرتعلیم ہے۔ آئی ایس او پاکستان ہرسال نواسہ رسول، جگر گوشہ بتول حضرت امام حسین (ع) کی لازوال قربانی کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لئے پنجاب یونیورسٹی میں ’’یوم امام حسین (ع)‘‘ کا انعقاد کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ماہ محرم الحرام میں نواسۂ رسول حضرت امام حسین (ع) نے اپنی عظیم قربانی سے دین اسلام کے شجر کی آبیاری کی اور دین خدا کو باطل قوتوں کے سامنے سرنگوں ہونے سے بچا لیا، لہٰذا ہمارا فرض بنتا ہے کہ ہم اس پیغام حریت کو دل بہ دل اور سینہ بہ سینہ آنے والی نسلوں تک پہنچائیں۔ 

انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں جامعہ پنجاب کے شیعہ طلباء و طالبات یونیورسٹی میں یوم امام حسین (ع) بعنوان ’’حسین (ع) سب کا‘‘ منعقد کروا رہے ہیں۔ غضنفر عباس نے بتایا کہ یونیورسٹی آف پنجاب میں اس پروگرام کے انعقاد کی انتظامیہ نے اجازت بھی دے دی ہے لیکن افسوس کہ اس پیغام حریت و حمیت کو کچھ شر پسند عناصر، یزید کے پیروکار اور نام نہاد طلبہ جماعت نے روکنے کی کوشش کی ہے اور طلباء کو ڈرایا دھمکایا جا رہا ہے مگر ہم یہ پیغام دینا چاہتے ہیں کہ ہم پیغام کربلا و پیغام حضرت امام حسین (ع) کو ہر صورت میں آنے والی نسلوں تک پہنچائیں گے، یہ پیغام کربلا ہی ہے جو عالم اسلام کی بیداری کا سبب بنا ہے لہٰذا ہمارا فرض بنتا ہے کہ اس پیغام کو امانتاً نئی نسلوں تک پہنچائیں۔ انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی کسی کی جاگیر نہیں اور جو یہ سمجھتے ہیں وہ بھول میں ہیں۔
خبر کا کوڈ : 124152
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش