QR CodeQR Code

جماعت اسلامی کا 25 دسمبر کو لاہور میں ہونیوالا دھرناعوامی امنگوں کا ترجمان ہو گا، وسیم اختر

22 Dec 2011 01:28

اسلام ٹائمز:امیر جماعت اسلامی پنجاب نے مختلف تقریبات سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اسلام کے نام پر وجود میں آیا ہے یہاں خدا کے قانون کے علاوہ کوئی قانون رائج نہیں ہوسکتا، ہمارے معاشرے میں تنزلی کاسبب بھی یہی ہے کہ ہم نے اللہ اور اس کے رسول ص کے احکامات سے عملاً دوری اختیار کی ہوئی ہے۔


اسلا م ٹائمز۔ امیر جماعت اسلامی پنجاب ڈاکٹر سید وسیم اختر نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی کا لاہور میں 25 دسمبر کا دھرنا عوامی امنگوں کا ترجمان ہو گا، ہمارے لوگوں کے دامن صاف ہیں اور ہم نے ہمیشہ کلمہ حق بلند کیا، تاریخ گواہ ہے کہ جن قوموں نے اللہ کی نافرمانی کی وہ نشان عبرت بن گئیں، ان خیالات کا اظہار امیر جماعت اسلامی پنجاب نے مختلف تقریبات سے خطاب کرتے ہوئے کیا، انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کا اولین نصب العین اللہ کی زمین پر اللہ کا نظام نافذ کرنا ہے اللہ کی طرف رجوع کرنے سے ہی ہمارے تمام مسائل حل ہوسکتے ہیں، ہمیں لادینی قوتوں کو شکست دینے کے لئے خود کو ابھی سے تیار کرنا ہوگا، تمام برائیوں کی جڑ اقتدار کے ایوانوں سے نکل رہی ہے، ارض مقدس پاکستان اسلام کے نام پر وجود میں آئی ہے یہاں خدا کے قانون کے علاوہ کوئی قانون رائج نہیں ہوسکتا، ہمارے معاشرے میں تنزلی کاسبب بھی یہی ہے کہ ہم نے اللہ اور اس کے رسول ص کے احکامات سے عملاً دوری اختیار کی ہوئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ آج ملک کے حالات بہت گھمبیر ہو چکے ہیں، حکمرانوں کی کمزوریوں کی وجہ سے امریکی غلامی کا طوق ہمارے گلوں میں پڑا ہوا ہے، حکمرانوں نے اللہ کی غلامی کی بجائے کفارکی غلامی کو اپنا وطیرہ بنا لیا ہے، جماعت اسلامی سیاسی اور مذہبی سوچ رکھنے والے افراد کو ایک پلیٹ فارم مہیا کرتی ہے، ہمیں ہر حال میں قرآن پاک سے اپنا تعلق مضبوط بنانے پر خصوصی توجہ دینی ہوگی انہوں نے مزید کہا کہ کارکن اپنے گھروں سے دعوت کا آغا کریں محلے اور علاقہ کے ہر فرد تک جماعت اسلامی کا پیغام پہنچائیں، ان کے ساتھ مضبوط رابطہ قائم کریں حکمران ہر محاذ پر ناکام ہوچکے ہیں، آج لوگ جماعت اسلامی کی طرف دیکھ رہے ہیں ہمیں آگے بڑھ کر ان کے مسائل حل کرنا ہوں گے۔


خبر کا کوڈ: 124169

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/124169/جماعت-اسلامی-کا-25-دسمبر-کو-لاہور-میں-ہونیوالا-دھرناعوامی-امنگوں-ترجمان-ہو-گا-وسیم-اختر

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org