0
Thursday 22 Dec 2011 21:04

علامہ ساجد نقوی کا پنجاب یونیورسٹی واقعہ پر اظہار افسوس، جوڈیشل انکوائری کا مطالبہ

علامہ ساجد نقوی کا پنجاب یونیورسٹی واقعہ پر اظہار افسوس، جوڈیشل انکوائری کا مطالبہ
اسلام ٹائمز۔ علامہ سید ساجد علی نقوی کی زیرصدارت مرکزی و صوبائی ذمہ داروں کا اجلاس راولپنڈی میں منعقد ہوا۔ جس میں پنجاب یونیورسٹی لاہور میں یوم حسین ع کے پروگرام میں شرپسندوں کی جانب سے پتھراؤ سے متعدد طلبہ کے زخمی ہونے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ اگرچہ بنیادی آئینی و شہری حقوق کی خاطر کسی اجازت کی ضرورت نہیں ہوتی، تاہم بہتر نظم و نسق کی خاطر یونیورسٹی انتظامیہ سے اجازت کے باوجود کسی کے اشارے پر شرپسند عناصر کی جانب سے فتنہ انگیزی کا کھیل کھیلا گیا، جس سے نہ صرف یونیورسٹی کا تقدس پامال ہوا بلکہ طلبہ کے بنیادی حقوق اور آزادیوں کو بھی روکنے کی کوشش کی گئی، جو انتہائی قابل مذمت ہے۔ لہذا ضرورت اس امر کی ہے کہ اچھی شہرت کے حامل ججوں کا تقرر کر کے اس سانحہ کی جوڈیشل انکوائری کرائی جائے، تاکہ دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہو سکے اور مجرم کیفر کردار تک پہنچیں، تاکہ مستقبل میں کسی کو ایسا اقدام کرنے کی جرات نہ ہو سکے۔

اپنے مذمتی بیان میں علامہ ساجد نقوی نے زخمی طلبہ کی جلد صحت یابی کی دعا کرتے ہوئے جامعہ پنجاب کے طلبہ سے اپیل کی کہ وہ دلوں سے کدورتیں اور نفرتیں نکال کر یونیورسٹی کے ماحول کو بہتر بنانے کے لئے باہم متحد ہوں اور شرپسند عناصر کو اپنی صفوں سے نکال باہر کریں۔

دریں اثنا علامہ سید ساجد علی نقوی کی صدارت میں مرکزی و صوبائی ذمہ داروں کے اجلاس میں حسینی مشن امام بارگاہ ڈرگ روڈ کراچی میں شرپسندوں کے حملے اور پولیس اور انتظامیہ کے جانبدارانہ رویے کی بھی مذمت کی گئی اور قرارداد کے ذریعہ مطالبہ کیا کہ پولیس کو خلاف قانون اقدام اور اپنی حدود سے تجاوز کا حق نہیں پہنچتا، لہذا بلاتاخیر متاثرین کو انصاف فراہم کیا جائے۔
خبر کا کوڈ : 124362
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش