0
Sunday 25 Dec 2011 21:38

ہمیں قائد سے عہد کرنا ہوگا کہ انصاف کے لیے اپنی جوانی لٹا دیں گے، جاوید ہاشمی

ہمیں قائد سے عہد کرنا ہوگا کہ انصاف کے لیے اپنی جوانی لٹا دیں گے، جاوید ہاشمی
اسلام ٹائمز۔ مسلم لیگ ن سے مستعفی ہوکر پاکستان تحریک انصاف میں نئے شامل ہونے والے پاکستانی سیاست کے اہم نام جاوید ہاشمی کا کہنا ہے کہ انصاف کیلئے بنائے گئے قائد اعظم کے پاکستان کو شروع دن سے لوٹا جارہا ہے جب کہ ہم آج امن و انصاف کی تلاش میں نکلے ہیں۔ بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کے مزار کے سامنے باغ جناح میں ہونے والے عوامی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے جاوید ہاشمی نے کہا کہ ہمیں قائد سے عہد کرنا ہوگا کہ انصاف کے لیے اپنی جوانی لٹا دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ کراچی پاکستان ہے، یہ ایک سوچ کا نام ہے جس میں 25 لاکھ بنگالی بستے ہیں جو کہ ہماری تاریخ کے اہم کردار ہیں جب کہ اسی شہر میں بلوچ بھی ہیں، پشتون بھی ہیں اور پنجابی بھی ہیں۔

جاوید ہاشمی نے کہا ہے کہ اپنی 40 سالہ سیاسی خدمات تحریک انصاف کے نوجوان کے حوالے کرتا ہوں میرے کردار، عمل اور جہدوجہد پر کوئی انگلی نہیں اٹھا سکتا اور نہ اٹھا سکے گا۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان جب پشاور میں ڈرون حملوں کے خلاف دھرنا دے رہے تھے اور مجھ سے کہہ رہے تھے میں پاکستانیوں کے قتل کے خلاف اکیلا لڑ رہا ہوں تو میں نے کہا کہ میں اپنی پارٹی کی ناراضی کے باوجود تمہارا ساتھ دینے آرہا ہوں۔ مسلم لیگ ن چھوڑ کر تحریک انصاف میں شامل ہونے والے سیاسی رہنما نے کہا کہ میں نے اپنی پوری زندگی میں غیر جمہوری اقدامات کےخلاف اٹھ کر جدوجہد کی اور ایوان اقتدار میں موجود ڈکٹیٹروں کےسامنے کھڑے ہوکر کہا کہ ہاں میں باغی ہوں، ہاں میں باغی ہوں۔

انہوں نے تحریک انصاف کے قائد عمران خان کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ تم نے ملک کی خاطر مجھے پارٹی میں شامل ہونے کا کہا میں آگیا ہوں مگر جان لو کہ تم نے ایک باغی کو اپنے ساتھ ملا لیا ہے۔ حالیہ عرصے میں دیگر سیاسی جماعتوں سے بڑی تعداد میں متنازعہ و غیر متنازعہ رہنماؤں کو تحریک انصاف کا حصہ بنانے والے عمران خان کو مخاطب کرتے ہوئے جاوید ہاشمی کا کہنا تھا کہ ملک میں ڈکٹیٹروں، جاگیرداروں اور وڈیروں سے نجات کیلئے انصاف کا پرچم اٹھانا ہوگا اور عمران تم کو باغی بننا ہوگا۔
خبر کا کوڈ : 125066
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش