QR CodeQR Code

عالمی سامراج خطے میں اپنے مقاصد کیلئے پاک فوج کو کمزور کرنا چاہتا ہے، صاحبزادہ فضل کریم

29 Dec 2011 17:55

اسلام ٹائمز:سیاسی اور منشور کمیٹی کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کرتے سنی اتحاد کونسل کے چیئرمین نے کہا ہے کہ امریکہ کا ہدف پاکستان کی افواج ہیں، فوج اور حکومت میں ہم آہنگی قوم اور ملک کی ضرورت ہے۔


اسلام ٹائمز۔ سنی اتحاد کونسل کے مرکزی دفتر میں کونسل کی سیاسی کمیٹی اور منشور کمیٹی کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سنی اتحاد کونسل پاکستان کے چیئرمین اور رکن قومی اسمبلی صاحبزادہ فضل کریم نے کہا ہے کہ بجلی اور گیس کے بحران نے ملکی معیشت تباہ اور عوام کا جینا دوبھر کر دیا ہے، گیس کی بندش کی وجہ سے ہزاروں صنعتیں بند اور لاکھوں مزدور بے روزگار ہو گئے ہیں، قومی صنعتوں کے ساتھ اب غریب لوگوں کے چولہے بھی ٹھنڈے پڑ گئے ہیں، حکمران طبقے میں سے کسی کو نہ بجلی کی لوڈشیڈنگ کا سامنا ہے اور نہ گیس کا، اس لیے وہ عوام کے دکھ درد کو نہیں سمجھ سکتے، ملک کی 5 بڑی جماعتیں شریک اقتدار ہیں جو عوامی مسائل حل نہ ہونے کی برابر کی ذمہ دار ہیں، سب سے بڑے صوبے پنجاب میں 10 کروڑ لوگوں پر حکومت کرنے والی مسلم لیگ پچھلے تین چار سالوں میں کچھ نہیں کر سکی۔

صاحبزادہ فضل کریم نے مزید کہا کہ امریکہ کا ہدف پاکستان کی افواج ہیں، عالمی سامراج اس خطے میں اپنے مقاصد کے لیے پاک فوج کو کمزور کرنا چاہتا ہے، فوج اور حکومت میں ہم آہنگی قوم اور ملک کی ضرورت ہے۔ صاحبزادہ فضل کریم نے مزید کہا کہ جمہوریت کے ثمرات کبھی بھی عام آدمی تک نہیں پہنچے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو ایک بکھرتا ہوا معاشرہ بنا دیا گیا ہے، جسے جوڑنے کے لیے قومی قیادت کو مشترکہ کوششیں کرنا ہوں گی۔ سنی اتحاد کونسل کے چیئرمین نے مزید کہا کہ حکمران بجلی اور گیس کے بحران پر قابو پانے کے لیے ہنگامی اقدامات کریں، ایسا نہ ہوا تو ہم قوم کو سڑکوں پر نکلنے کی کال دیں گے۔ صاحبزادہ فضل کریم نے کہا کہ ملکی معیشت کی بحالی کے لیے طویل المیعاد پالیسیاں بنانے کی ضرورت ہے۔


خبر کا کوڈ: 126092

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/126092/عالمی-سامراج-خطے-میں-اپنے-مقاصد-کیلئے-پاک-فوج-کو-کمزور-کرنا-چاہتا-ہے-صاحبزادہ-فضل-کریم

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org