0
Saturday 31 Dec 2011 19:34

جماعت اسلامی 17 فروری کو ملتان میں دھرنا دے گی

جماعت اسلامی 17 فروری کو ملتان میں دھرنا دے گی
اسلام ٹائمز۔ ملتان میں امیر جماعت اسلامی پاکستان سید منور حسن کی قیادت میں 17 فروری کو دھرنا دیا جائے گا، دھرنا امریکہ اور اس کے حواری حکمرانوں کے عوام دشمن اقدامات اور امریکی پالیسیوں کو اپنانے، ملکی آزادی و خود مختاری، قومی سلامتی کے متعلق غلط فیصلوں کے خلاف عوامی ریفرنڈم اور پاکستان کی روشن اُمید کا سنگ میل ثابت ہوگا، اس بات کا اعلان جماعت اسلامی پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل لیا قت بلوچ  نے ملتان میں جماعت اسلامی ضلع کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
 
انہوں نے مزید کہا کہ ملک خطرات میں گھرا ہوا ہے حکمران اور قیادتیں غیر ذمہ داری کا ثبوت دے رہی ہیں، لیکن پوری قوم قومی سلامتی، قومی مفادات اور دفاع پاکستان کیلئے متحد ہے، امریکہ افغانستان میں شکست کھارہا ہے، لاکھوں انسانوں کا قتل کرنے کے بعد فرار کیلئے محفوظ اور باعزت راستہ تلاش کررہا ہے اور اپنی شکست کا بدلہ پاکستان سے لینا چاہتا ہے، انہوں نے کہا کہ عوامی دبائو میں اور فوجی و سیاسی قیادت نے درست سمت میں اقدام اُٹھاتے ہوئے نیٹو افواج کو سپلائی بند، شمسی ائیر بیس کو واگزار کروایا اور بون کانفرنس میں شرکت نہ کرکے تھوڑی سی ہمت کا ثبوت دیا ہے لیکن حکمرانوں نے ازسر نو ذلت اور بزدلی کا راستہ اختیار کیا تو عوام حکمرانوں کی اینٹ سے اینٹ بجا دیں گے۔
 
انہوں نے کہا کہ موجودہ حکمرانوں نے اپنے دور اقتدار میں ملک کی بے تو قیری کی ہے اور عوام کے مسائل حل کرنے کی بجائے ان کی زندگی کو اجیرن بنادیا ہے، آج پاکستان کے عوام مہنگائی، بروزگاری، لاقانونیت، بجلی و گیس کی لوڈ شیڈنگ اور اس سے بڑھ کر امریکہ، آئی ایم ایف اور ورلڈ بینک کے قرضوں کا بوجھ اپنے کاندھوں پر اُٹھا کر مفلسی اور مفلوجی کی زندگی ان حکمرانوں کی بدولت گزارر ہے ہیں۔ 

انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کا انتخابی منشور ملک و قوم کی تقدیر بدل کر رکھ دے گا، قوم کو امریکی غلامی سے نجات اور معاشی خوشحالی و ترقی کا ضامن ہوگا، انہوں نے کہا کہ عوام آئندہ انتخابات میں جماعت اسلامی سے وابستہ قیادت جو ملک اور دین اسلام کے اساس کے ترجمان ہے کو کامیاب کروائیں، جماعت اسلامی امانت دیانت کے کلچر کو پروان چڑھا کر عوام کی زندگیوں کو مایوسیوں سے بدل کر خو شیوں میں تبدیل کردے گی۔ 

انہوں نے کہا کہ 17 فروری کے دھرنے میں اہلیان ملتان جوق در جوق شرکت کرکے ثابت کردیں گے کہ وہ جماعت اسلامی کے ساتھ ہیں۔ یہ دھرنا امریکی غلام حکمرانوں کے تابوت میں آخری کیل ثابت ہوگا۔
خبر کا کوڈ : 126461
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش