0
Saturday 31 Dec 2011 18:45

سنی اتحاد کونسل 2012ء کو ’’انقلاب نظام مصطفٰی سال‘‘ کے نام سے منائے گی، صاحبزادہ فضل کریم

سنی اتحاد کونسل 2012ء کو ’’انقلاب نظام مصطفٰی سال‘‘ کے نام سے منائے گی، صاحبزادہ فضل کریم
اسلام ٹائمز۔ سنی اتحاد کونسل صوبہ سندھ کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے سنی اتحاد کونسل پاکستان کے چیئرمین اور رکن قومی اسمبلی صاحبزادہ فضل کریم نے اعلان کیا ہے کہ سنی اتحاد کونسل 2012ء کو ’’انقلاب نظام مصطفٰی سال‘‘ کے نام سے منائے گی اور عوامی جلسوں، تربیتی اجتماعات، فکری نشستوں اور لٹریچر کے ذریعے نظام مصطفٰی کی راہ ہموار کی جائے گی، تاکہ ووٹ کی طاقت سے نظام مصطفٰی کو اقتدار میں لایا جا سکے۔ صاحبزادہ فضل کریم نے مزید کہا کہ تخت اسلام آباد اور تخت لاہور کے شہزادے عوام کی چیخیں سنیں، کمرتوڑ مہنگائی ختم نہ ہوئی اور بجلی و گیس کے بحران پر قابو نہ پایا گیا تو حالات کسی کے کنٹرول میں نہیں رہیں گے، خونی انقلاب سے بچنے کے لیے ضروری ہے کہ ارتکاز دولت کے مکروہ نظام کے پرخچے اڑا دیئے جائیں۔ صاحبزادہ فضل کریم نے کہا کہ عوام اب بھی نہ جاگے تو ماضی اور حال کے حکمرانوں کے تازہ دم بیٹے باقی ماندہ پاکستان بھی کھا جائیں گے۔

صاحبزادہ فضل کریم نے کہا کہ پاکستان کی سیاست اور اقتدار پچھلے 63 سالوں سے مقدس جرائم پیشہ مافیا کی گرفت میں ہے۔ انہوں نے کہا کہ سنی اتحاد کونسل خوشامدانہ، غلامانہ اور جاگیردارانہ سیاست کو دفن کر دے گی۔ انہوں نے کہا کہ 63 سالوں میں پاکستانی لیڈروں کی سوچ اپنی اپنی پارٹی اور اقتدار نسل در نسل منتقل کرنے سے آگے نہیں بڑھ سکی۔ صاحبزادہ فضل کریم نے کہا کہ حکمران و سیاستدان اپنا مال اور کھال بچانے کی فکر کی بجائے ملک بچانے کی فکر کریں۔ انہوں نے کہا کہ 96 وفاقی وزراء اور مشیروں پر مشتمل پاکستان کی کابینہ نے پچھلے 4 برسوں میں 90 ارب 70 کروڑ روپے مالیت کی مراعات حاصل کیں، یہ حکومتی اخراجات قرضوں تلے دبے ہوئے غریب ملک کے لیے بہت بڑا المیہ ہے۔ ملاقات کرنے والے وفد میں طارق محبوب، مولانا خلیل الرحمن قادری، مولانا ابرار احمد رحمانی، سید رفیق شاہ اور دیگر شامل تھے۔
خبر کا کوڈ : 126543
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش