0
Sunday 1 Jan 2012 19:40

امریکہ نے پاکستان میں انتہاء پسندی روکنے کیلئے پہلا یونٹ تشکیل دیدیا

امریکہ نے پاکستان میں انتہاء پسندی روکنے کیلئے پہلا یونٹ تشکیل دیدیا
اسلام ٹائمز۔ ذرائع نے انکشاف کیا ہے کہ امریکہ نے پاکستان میں اپنی نوعیت کا پہلا یونٹ تشکیل دیدیا جو ملک میں پرتشدد رجحان رکھنے والے انتہا پسندوں کو روکنے کا کام کرے گا۔ ذرائع کے مطابق یہ یونٹ پاکستان میں موجود امریکی سفارتخانے نے قائم کیا گیا ہے اور دنیا میں کسی اور ملک میں اس نوعیت کا یہ پہلا یونٹ ہے۔ امریکہ نے اس یونٹ کے لئے پاکستان کا انتخاب اس لئے کیا ہے کیونکہ وہ اسے انتہا پسندوں کے وسیع نیٹ ورک کا گڑھ سمجھتا ہے۔ 3 افراد پر مشتمل یہ یونٹ امریکی سفارتخانے کے عوامی رابطہ کے سیکشن کے تحت جولائی میں تشکیل دیا گیا تھا تاہم اب اس نے عملی طور پر اپنا کام شروع کیا ہے۔ یہ یونٹ مقامی شراکت داروں جن میں معتدل مزاج مذہبی رہنماء بھی شامل ہیں، کے ساتھ مل کر انتہا پسندانہ پیغامات اور پروپیگنڈا کے توڑ کے کام کرتا ہے۔

ذرائع کے مطابق اس مقصد کیلئے ٹی وی شوز، ڈاکومینٹریز، ریڈیو پروگرامز اور پوسٹرز کو استعمال کیا جاتا ہے، اس کے علاوہ مذہبی علماء اور عوام کے ساتھ امریکی حکام کے درمیان رابطے کا پروگرام بھی چلایا جا رہا ہے۔ ذرائع کے مطابق سفارتخانے کا کہنا ہے کہ پاکستان میں انتہا پسندی کے خلاف کافی جرات مندانہ آوازیں موجود ہیں، ہمارا کام بس ان کو ڈھونڈ کر ان کے پیغام کو پھیلانا ہے۔ امریکی حکام کے مطابق ابتدائی طور پر اس یونٹ کیلئے 50 لاکھ ڈالر مختص کئے گئے ہیں مگر انھوں نے فنڈنگ سے چلنے والے پروگراموں کی تفصیلات بتانے سے انکار کر دیا، کیونکہ انہیں خدشہ ہے کہ امریکی مداخلت ثابت ہونے سے ان کے شراکت داروں کا کام متاثر ہو سکتا ہے۔

خصوصی ذرائع کے بقول پاکستان میں کسی مذہبی رہنماء کی جانب سے امریکی معاونت حاصل کرنے کا انکشاف دیگر کو اس منصوبے سے دور ہٹا سکتا ہے۔ حکام کو ایک مشکل یہ بھی ہے کہ معتدل عالم عام افراد کے قتل کو تو برا کہتے ہیں مگر وہ افغانستان میں امریکی فوج سے لڑنے والے افراد کی حمایت کرتے ہیں یا بھارت کے مخالف ہیں۔ سفارتخانے کے حکام کا کہنا ہے کہ اس نئے یونٹ کا سب سے اہم جز عوام میں عسکریت پسندوں کے حملوں سے ہونے والے حملوں کے نقصانات کی آگاہی کے لئے میڈیا مہم ہو گا۔ 

خبر کا کوڈ : 126782
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش