0
Tuesday 6 Oct 2009 10:35

ایران نے ایٹمی پلانٹ کے معائنے کی اجازت دیدی،اسرائیل بھی رسائی دے،البرادی

ایران نے ایٹمی پلانٹ کے معائنے کی اجازت دیدی،اسرائیل بھی رسائی دے،البرادی
تہران،نیویارک:ایٹمی نگراں ادارے کے سربراہ محمد البرادی نے کہا ہے کہ ایران کے بعد اسرائیل بھی اپنے ایٹمی پلانٹ کے معائنے کی اجازت دے جبکہ امریکا کا کہنا ہے کہ ایران نے جنیوا مذاکرات پر عمل نہ کیا تو ہمارے پاس پابندیوں کا آپشن کھلا ہے۔ تفصیلات کے مطابق محمد البرادی نے ایک انٹرویو میں کہا کہ جوہری معائنہ کار یورینیم افزودہ کرنے کے پلانٹ کے معائنے کے لیے 24 اکتوبر کو ایران پہنچیں گے۔ انہوں نے ایرانی حکام سے ملاقات کے بعد کہا ہے کہ ایران کے ساتھ تعلقات محاذ آرائی کی فضا سے شفافیت اور باہمی تعاون کی جانب بڑھ رہے ہیں۔ انہوں نے اس دورے کو ایک اہم لمحہ قرار دیا اور ایران پر زور دیا کہ وہ جتنا ممکن ہو اتنا شفاف ہونے کی کوشش کرے۔انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ جنیوا میں ہونے والے عالمی طاقتوں اور ایران سے مذاکرات میں،پابندی کے حوالے سے پیشرفت یا بات چیت نہیں ہوئی۔
دریں اثناء امریکا نے کہا ہے کہ جوہری مسئلے پر ایران نے جنیوا مذاکرات میں کیے گئے وعدے پورے نہ کیے تو پابندیاں لگانے کا آپشن کھلا ہے۔ اقوام متحدہ میں امریکا کی سفیر سوزان رائس نے ایک امریکی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ اقوام عالم ایران کی سرگرمیوں کو دیکھ رہی ہیں، انہوں نے کہا ایران کا مذاکرات کرنا ایک خوش آئند بات ہے، تاہم اگر ایران نے جنیوا مذاکرات میں کیے گئے وعدے پورے نہ کیے اور ثابت نہ کیا کہ اس کا جوہری پروگرام پُرامن مقصد کے لیے ہے تو اس پر پابندیاں لگانے کا آپشن کھلا ہے۔ امریکی اراکین کانگریس نے ایران کے جوہری ہتھیاروں کے بارے میں ماہرین کی حالیہ رپورٹ پر شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ اب تہران کیخلاف فوری سخت کارروائی کی جائے۔
خبر کا کوڈ : 12712
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش