0
Tuesday 3 Jan 2012 21:28

پارلیمان ڈائری، ہزارہ، سرائیکی، غیورستان اور بہاولپور صوبوں کے قیام پر بحث

پارلیمان ڈائری، ہزارہ، سرائیکی، غیورستان اور بہاولپور صوبوں کے قیام پر بحث

اسلام ٹائمز۔ پینل آف چیئرمین کے ممبر نواب یوسف تالپور کی صدارت میں قومی اسمبلی کا اجلاس صبح گیارہ بجے شروع ہوا۔ آج ایوان میں نجی کارروائی کا دن تھا۔ پی ایم ایل ن نے گیس کے جاری بحران پر اسمبلی سے واک آئوٹ کیا، جنہیں بعد ازاں ایوان میں واپس لایا گیا۔ مرتضی جاوید عباسی نے ممبران کے ترقیاتی فنڈز کی عدم دستیابی پر توجہ دلائو نوٹس پیش کیا۔ ایم کیو ایم کے حیدر عباس رضوی نے مطالبہ کیا کہ نئے صوبوں کے قیام پر بحث کا آغاز کیا جائے۔ جس پر عوامی نیشنل پارٹی سے تعلق رکھنے والے وزیر ریلوے غلام احمد بلور نے کہا کہ یہ ایک صوبائی معاملہ ہے اور ہم کسی کو اپنا صوبہ تقسیم نہیں کرنے دیں گے، جس پر ایوان میں شور شرابہ شروع ہوا۔ ایوان مچھلی منڈی کا منظر پیش کرنے لگا۔ ہنگامہ آرائی کے باعث ایوان کی کارروائی معطل کر دی گئی۔ جس پر ایم کیو ایم نے ایوان میں شدید نعرہ بازی کی "صوبے بنائو" "ملک بچائو"۔ ایم کیو ایم نے مطالبہ کیا کہ ایوان کی کارروائی دوبارہ شروع کی جائے اور نئے صوبوں کے قیام پر ایوان میں بحث کروائی جائے۔ 

ایوان کی کارروائی دوبارہ شروع کی گئی تو وزیر قانون مولا بخش چانڈیو نے ایوان کو آگاہ کیا کہ نئے صوبوں پر بحث کی جا سکتی ہے لیکن اس کے لئے کسی حکومتی یا پرائیویٹ بل کا موجود ہونا ضروری ہے۔ بحث میں حصہ لیتے ہوئے پی ایم ایل ن کے آفتاب شیخ کا کہنا تھا کہ نان ایشوز میں الجھا کر اصل مسائل سے توجہ ہٹائی جا رہی ہے۔ عوامی نیشنل پارٹی کے پرویز خان کا کہنا تھا کہ نئے صوبوں کے قیام پر جلد بازی سے کام نہ لیا جائے۔ سرائیکی خطے سے تعلق رکھنے والے ممبر بہادر خان سیہڑ کا کہنا تھا کہ نئے صوبوں کا قیام ایک اہم معاملہ ہے، اسے نان ایشو نہ کہا جائے۔ 

نئے صوبوں کے قیام بارے قومی اسمبلی میں تقریر کرتے ہوئے سید یوسف رضا گیلانی کا کہنا تھا کہ نئے صوبوں کا قیام ملک کے ٹکڑے کرنا نہیں ہے بلکہ محروم و محکوم طبقے کو ان کا حق دینا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر مشرقی پاکستان کو ان کا حق دیا جاتا تو پاکستان دو لخت نہ ہوتا۔ انہوں نے کہا کہ پی پی پی وفاق کی جماعت ہے، جس نے پختونوں کو شناخت دی، جس نے گلگت بلتستان کے لوگوں کو ان کا حق دیا تو یہ کیسے ہو سکتا ہے کہ سرائیکی عوام کو ان کے حق سے محروم رکھا جائے۔ وزیر اعظم نے کراچی میں فوجی عدالتوں کے قیام کی شدید مخالفت کی۔

خبر کا کوڈ : 127355
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش