0
Wednesday 7 Oct 2009 14:43

امریکہ نے سفارتخانے کی توسیع کیلئے ساڑھے 18 ایکڑ اراضی مانگ لی،توسیع پر تشویش نہیں،سیکرٹری خارجہ

امریکہ نے سفارتخانے کی توسیع کیلئے ساڑھے 18 ایکڑ اراضی مانگ لی،توسیع پر تشویش نہیں،سیکرٹری خارجہ
اسلام آباد:سیکرٹری خارجہ سلمان بشیر نے کہا ہے کہ امریکہ نے اسلام آباد میں اپنے سفارت خانے کو بڑھانے کے لئے ساڑھے اٹھارہ ایکڑ اراضی زمین کے لئے رابطہ کیا ہے جبکہ چین نے بھی زمین کے حصول کے لئے درخواست دے رکھی ہے تاہم دونوں ممالک کو زمین دینے سے متعلق کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا۔ سیکرٹری خارجہ سلمان بشیر نے بلیک واٹرز کی تحقیقات کے لئے جاوید ہاشمی کی سربراہی میں ہونے والی قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی کی ذیلی کمیٹی برائے انسانی حقوق کے اجلاس میں بتایا کہ امریکہ پشاور میں بھی قونصلیٹ میں توسیع چاہتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اسلام آباد میں امریکیوں کی جانب سے دو سو پچاس مکان کرائے پر لینے کے بارے میں دفتر خارجہ کو کوئی علم نہیں اور انہوں نے اس سلسلے میں اجازت بھی حاصل نہیں کی۔ سیکرٹری خارجہ نے بتایا کہ پاکستان میں امریکہ کا اڑھائی سو سفارتی جبکہ دو سو کے قریب دیگر سٹاف موجود ہے۔ اس کے علاوہ ایسا عملہ بھی موجود ہے جو آتا جاتا رہتا ہے لیکن اس کا دفتر خارجہ کو علم نہیں ہوتا۔ انہوں نے کہاکہ دفتر خارجہ کو امریکی سفارتخانے کی توسیع پر تشویش نہیں لیکن طریقہ کار درست ہونا چاہئے۔ ایڈیشنل سیکرٹری داخلہ محمد عاصم راجہ نے اجلاس کو بتایا کہ بلیک واٹر پاکستان میں موجود نہیں۔ انہوں نے سکیورٹی ایجنسی انٹر رسک کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ اس کو امریکی ایجنسی ڈائین کوپ نے کنٹریکٹ دے رکھا تھا جو 1991ءسے پاکستان میں کام کر رہی ہے،1995ءمیں اس کمپنی کو بند جبکہ 1996ءمیں بحال کر دیا گیا،اب پاکستان کے مفادات کے خلاف کام کرنے والے لوگوں سے رابطے رکھنے پر اس کا این او سی منسوخ کر دیا گیا ہے۔ قائم مقام سیکرٹری دفاع حیدر علی خان نے بتایا کہ ڈرون کے مختلف ماڈلز تیار کئے گئے ہیں جبکہ کچھ کو ٹیسٹ کیا جا رہا ہے۔ آن لائن کے مطابق سیکرٹری خارجہ سلمان بشیر نے کہا کہ امریکہ نے سفارت خانے کے لئے الاٹمنٹ اور پشاور قونصلیٹ میں توسیع کے مطالبات کئے ہیں۔ اقوام متحدہ کو اپنے اسلام آباد میں قائم دفاتر کو ڈپلومیٹک انکلیو میں منتقل ہونے کی تجویز دے دی گئی ہے۔ غیرملکی سفارت خانے نجی سکیورٹی کمپنیز کی خدمات حاصل کرنے سے متعلق دفتر خارجہ کو اعتماد میں میں نہیں لیتے۔

خبر کا کوڈ : 12821
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش