0
Saturday 7 Jan 2012 12:57

صدر سے کسی موضوع پر بات نہیں ہو گی، گیس بحران پر سپریم کورٹ جائینگے، شہباز شریف

صدر سے کسی موضوع پر بات نہیں ہو گی، گیس بحران پر سپریم کورٹ جائینگے، شہباز شریف
اسلام ٹائمز۔ وزیراعلٰی پنجاب شہباز شریف نے کہا ہے کہ صدر آصف زرداری کے ساتھ کسی ایشو پر بات چیت کی ضرورت نہیں۔ پنجاب میں گیس بحران پر جلد سپریم کورٹ سے رجوع کیا جائیگا۔ وزیراعلٰی پنجاب وفد کے ہمراہ ترکی کے پانچ روزہ دورے کے بعد لاہور ایئرپورٹ پہنچے، علی الصبح شدید دھند کے باعث انکی پرواز ڈیڑھ گھنٹہ تاخیر سے اتری۔ میڈیا سے گفتگو میں شہباز شریف کا کہنا تھا کہ انکا دورہ، پنجاب میں غیر ملکی سرمایہ کاری کیلئے اہمیت کا حامل ہے، ترکی کے نجی بنک کے تعاون سے جلد لاہور، فیصل آباد، راولپنڈی اور ملتان میں میٹرو بس سروس کا آغاز کیا جائے گا۔ وزیراعلٰی پنجاب کا کہنا تھا کہ پنجاب میں گیس کی صورتحال پر صوبائی حکومت جلد سپریم کورٹ سے رجوع کریگی، صدر زرداری کی نواز شریف سے تمام امور پر بات چیت سے متعلق سوال پر انکا کہنا تھا کہ زرداری کیساتھ کسی بھی موضوع پر بات چیت کی ضرورت نہیں۔ وزیراعلٰی پنجاب کا کہنا تھا کہ ترکی سے سولڈ ویسٹ مینجمنٹ کی مشینری دو روز میں لاہور کیلئے روانہ ہو جائے گی، اس منصوبے کو جلد صوبے کے دیگر شہروں تک بھی پھیلایا جائے گا۔ 

دیگر ذرائع کے مطابق ترکی سے وطن واپسی پر لاہور ائیر پورٹ پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا پنجاب میں ہائیڈل پاور پراجیکٹس کے لئے ترکی کے ایگزم بنک کے ساتھ ایم او یو پر دستخط کئے ہیں۔ انہوں نے کہا گیس بحران کے حل کے لئے پنجاب حکومت سپریم کورٹ جا رہی ہے۔ شہباز شریف کا کہنا تھا کہ اب ایسا کوئی موضوع نہیں رہا جس پر صدر زرداری سے بات ہو سکے۔ وزیراعلٰی شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ترکی کے ساتھ باہمی تعلقات کو مزید مستحکم بنایا جائے گا۔
خبر کا کوڈ : 128278
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش