0
Saturday 7 Jan 2012 15:02

گیس، بجلی اور پٹرولیم مصنوعات کے نرخوں میں اضافے سے مہنگائی کی نئی لہر آئیگی، سراج الحق

گیس، بجلی اور پٹرولیم مصنوعات کے نرخوں میں اضافے سے مہنگائی کی نئی لہر آئیگی، سراج الحق
اسلام ٹائمز۔ جماعت اسلامی پاکستان کے نائب امیر سراج الحق نے کہا ہے کہ گیس، بجلی اور پٹرولیم مصنوعات کے نرخوں میں اضافے سے ملک میں مہنگائی کی نئی لہر سے غریب عوام کی کمر ٹوٹ کر رہ جائیگی، موجودہ حکمران عوامی مسائل کے حل میں ناکام ہو چکے ہیں، ہمارا مطالبہ ہے کہ حکمران اپنی ناکامیوں کا اعتراف کرتے ہوئے مستعفی ہو جائے اور نئے انتخابات کرائے جائیں۔
 
ان خیالات کا اظہار انہوں نے فوارہ چوک پشاور صدر سے قیوم سٹیڈیم تک جماعت اسلامی ضلع پشاور کے زیر اہتمام گیس، بجلی اور پٹرولیم مصنوعات کے نرخوں میں اضافے کے خلاف نکالی گئی احتجاجی کے اختتام پر ریلی کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا، اس موقع پرجماعت اسلامی کے کارکنوں نے بنیرز اورپلے کارڈ ز اُٹھا رکھے تھے جن پر گیس، بجلی اور پٹرولیم مصنوعات کی نرخوں میں اضافے کے خلاف نعرے درج تھے۔
 
چوک فوارہ پشاور صدر سے نکالی گئی ریلی کی قیادت جماعت اسلامی کے مرکزی نائب امیر سراج الحق، صوبائی سیکرٹری اطلاعات اسرار اللہ ایڈووکیٹ، جماعت اسلامی ضلع پشاور کے امیر بحراللہ خان ایڈووکیٹ، ضلعی جنرل سیکرٹری حمد اللہ جان، ضلعی سیکرٹری اطلاعات خالد گل مہمند کے علاوہ ٹائون اور زونل اُمراء کر رہے تھے،  ریلی پشاور صدر کے مختلف بازاروں سے ہوتی ہوئی قیوم سٹیڈیم کے سامنے احتجاجی جلسے میں تبدیل ہو گئی۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے جماعت اسلامی پاکستان کے نائب امیر سراج الحق نے کہا کہ موجودہ حکمرانوں نے عوام کا جینا دو بھر کر دیا ہے، ملک میں مہنگائی، بیر وز گاری اور کرپشن کا دور دورہ ہے، ریلوے، پی آئی اے، سٹیل ملز سمیت تمام ادارے تباہ و برباد ہو گئے ہیں اور اگر موجودہ حکمرانوں کو مزید چلنے دیا گیا تو شاید یہ پورا ملک بیچ کھا جائیں، انہوں نے کہا کہ مصر، تیونس اور دیگر عرب ممالک میں اسلامی بیداری کی لہر پاکستان میں داخل ہو رہی ہے اور انشاء اللہ تعالی پاکستان میں انقلاب کی قیادت جماعت اسلامی کریگی، ریلی کے شرکاء بعد ازاں پُرامن طور پر منشتر ہو گئے۔

دریں اثناء نوشہرہ سے ملنے والی اطلاعات کے مطابق امیر جماعت اسلامی پاکستان سید منور حسن کی اپیل پر گیس، بجلی اور پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف جماعت اسلامی ضلع نوشہرہ کے زیر اہتمام جامع مسجد سے احتجاجی ریلی نکالی گئی جو صدر بازار سے ہوتے ہوئے مین جی ٹی روڈ پر احتجاجی جلسے کی صورت اختیار کر گئی، ریلی کی قیادت جماعت اسلامی ضلع نوشہرہ کے امیر معراج الدین خان ایڈووکیٹ، جنرل سیکرٹری میاں واجد شاہ، عبداللہ جان، حاجی انوار الاسلام، خواجہ صدر الاسلام، حبیب اللہ شاہ مزدور رہنماء اور شباب ملی کے ضلعی صدر افتخار احمد خان نے کی۔

احتجاجی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے ضلعی امیر معراج الدین خان ایڈووکیٹ نے کہا کہ ملک میں بدامنی، مہنگائی،کرپشن کا دور دورہ ہے، گیس اور بجلی کی لوڈ شیڈنگ نے پاکستان کی معیشت کی کمر توڑ کر رکھ دی ہے، حکمران سکیورٹی رسک بن چکے ہیں، ان کا مزید حکومت میں رہنا ملک کو تباہ کرنے کے مترادف ہے۔

ملاکنڈ درگئی سے ملنے والی اطلاعات کے مطابق جماعت اسلامی کے مرکزی امیر سید منور حسن کی اپیل پر گیس، بجلی اور پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوںمیں اضافے کے خلاف جامع مسجد درگئی سے ایک بڑی احتجاجی ریلی نکالی گئی، جس کی قیادت جماعت اسلامی ملاکنڈ کے امیر بختیار معانی، سابق صوبائی وزیر شاہ راز خان، مولانا جمال الدین اور مولانا طیب، نائب امیر محمد طاہر کر رہے تھے۔ ریلی نے مختلف بازاروں سے ہوتے ہوئے درگئی بازار بس سٹینڈ پر احتجاجی جلسہ کی صورت اختیار کر لی، ریلی کے شرکاء نے بینرز اور کتبے اُٹھا رکھے تھے اور بارش کے باوجود شرکاء بہت پُرجوش نظرآ رہے تھے۔
 
شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے جماعت اسلامی ملاکنڈ کے امیر اور سابق ممبر قومی اسمبلی، سابق صوبائی وزیر شاہ راز خان نے کہا کہ ملک میں حکومت نام کی کوئی چیز نہیں، ملک میں ہر طرف افراتفری کا عالم ہے، مہنگائی، کرپشن، گیس و بجلی لوڈ شیڈنگ نے ملکی معیشت کو مفلوج کر دیا ہے، انہوں نے کہا کہ حکمرانوں کا مزید اقتدار میں رہنا ملک کادیوالیہ نکالنے کے مترادف ہے۔

 دریں اثناء بٹ خیلہ سے ملنے والی اطلاعات کے مطابق جماعت اسلامی ملاکنڈ کے امیر بختیار معانی، نائب امیر خورشید ربانی، حاجی محمد نورایڈووکیٹ، نے بٹ خیلہ بازار کے انجمن تاجران کے جنرل سیکرٹری سلطان یوسف اور جماعت اسلامی ملاکنڈ ایجنسی کے پریس سیکرٹری ساجد اللہ کے زیر قیادت ملاکنڈ پریس کلب کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیا، بارش کے باوجود شرکاء نے کافی بڑی تعداد میں شرکت کی، شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے قائدین نے کہا کہ بجلی اور گیس لوڈ شیڈنگ سے غریب آدمی کا گھر کا چولہا ٹھنڈا ہو گیا ہے، امریکہ کے کاسہ لیس حکمرانوں کے باعث ملک کی معیشت کھوکھلی ہو چکی ہے، 100 یونٹ بجلی مفت دینے کا وعدہ کرنے والی جماعت اور روٹی کپڑا مکان کا وعدہ کرنے والی مخلوط حکو مت نے عوام کا جینا دوبھر کر دیا ہے۔
 
شیرگڑھ مردان سے ملنے والی اطلاعات کے مطابق جماعت اسلامی پاکستان کے امیر سید منورحسن کی اپیل پر جامع مسجد شیر گڑھ مردان سے احتجاجی جلوس برآمد ہوا، جلوس کی قیادت جماعت اسلامی مردان کے امیر مولانا سلطان محمد، سابق صوبائی وزیر فضل ربانی ایڈووکیٹ، پی کے 2 کے امیر حبیب رسول، سابق ممبر صوبائی امیر میاں نادر شاہ، محمد نواز اور طاہر کر رہے تھے۔ انہوں نے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ حکومت نے عوام کا جینا اجیرن کر دیا ہے۔ حکمرانوں کے باعث ملک میں مہنگائی، کرپشن، بدامنی کا دور درہ ہے، ملکی حالات تیزی سے انقلاب کی جانب بڑھ رہے ہیں۔
 
دریں اثناء چارسدہ سے ملنے والی اطلاعات کے مطابق سرڈھیری سٹیشن سے جماعت اسلامی پی کے 17 کے امیر جاوید خان اور ہارون خان کے زیر قیادت جلوس برآمد ہوا، جو بازار میں گشت کرتے ہوئے بازار چوک کو احتجاجی مظاہرہ کی شکل اختیار کر گیا، شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ مہنگائی، کرپشن، بدامنی نے عوام کو مایوس کردیا ہے، انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کا مزید اقتدار میں رہنا ملک کے لئے سکیورٹی رسک ہے۔
 
ہری پور سے ملنے والی اطلاعات کے مطابق صوبے کے دیگر حصوں کی طرح ہری پور میں بھی شدید بارش کے باوجود جماعت اسلامی ہری پور کے زیر اہتمام ایک احتجاجی ریلی شیرانوالہ گیٹ سے صدیق اکبر چوک تک نکالی گئی، جس کی قیادت امیر جماعت اسلامی ضلع ہری پور اقبال چوہان، سٹی امیر سلیم عادل، اُمیدوار برائے قومی اسمبلی غلام بنی تنولی ایڈووکیٹ سپریم کورٹ آ ف پاکستان، اہل سنت و جماعت کے مولانا توحید الرحمن توحیدی اور نائب صدر عبدالوحید، نے کی، مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکمران کا مزید اقتدار میں رہنا ملک کے استحکام اور یکجہتی کے لئے خطرناک ہے، عوام خود کشیوں اور فاقہ کشی پر مجبور ہیں، جماعت اسلامی کی دیانتدار قیادت ہی ملک کو اس بھنور سے نکال سکتی ہے۔ 

دریں اثناء ایبٹ آباد سے ملنے والی اطلاعات کے مطابق جماعت اسلامی ضلع ابیٹ آباد کے زیر اہتمام ایک احتجاجی ریلی جماعت اسلامی کے ضلعی دفتر بس سٹینڈ سے تھانہ چوک تک نکالی گئی، جس کی قیادت جماعت اسلامی ضلع ایبٹ آباد کے امیر سید محمد عباسی، نائب امراء محبو ب الہی، عبدالرزاق عباسی اور قاضی اسد نے کی، انہوں نے کہا کہ حکمرانوں کی عیاشیوں نے ملک کی معیشت کنگال کردی ہے، جس ملک کے صدر کے کیچن کی آرائش و تزئین پر 26 کروڑ روپے خرچ ہوئے اس ملک کی عوام کا پر سال حال کون ہوگا، انہوں نے کہا کہ حکمرانوں کا مزید اقتدار میں رہنا حد درجہ خطرناک ہے، ملک کو صرف اور صرف جماعت اسلامی کی دیانتدار قیادت موجودہ مشکلات سے نکال سکتی ہے۔ 

ضلع مانسہرہ سے ملنے والی اطلاعات کے مطابق دو احتجاجی ریلیاں نکالی گئیں، پہلی ریلی مانسہرہ کی مرکزی جامع مسجد سے مین چوک تک جماعت اسلامی کے مرکزی شوریٰ کے رکن یونس خٹک، سجاد شاہ، ڈاکٹر صدیق اور دوسری احتجاجی ریلی بالاکوٹ میں جامع مسجد اہلحدیث سے مین بازار کاغان روڈ تک نکالی گئی، مقررین نے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ گیس، بجلی اور پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ، ملک میں بدامنی پھیلانے، کرپشن کو فروغ دینے والے امریکہ کے کا سہ لیس حکمرانوں کے دن گنے جا چکے ہیں، یہ ملک کے لئے ناسور بن گئے ہیں، حالات انقلاب کی طرف رواں دواں ہیں۔ جماعت اسلامی کی دیانتدار قیادت ملک کو ان حالات سے نکال باہر کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔ 

دریں اثناء ڈی آئی خان سے ملنے والی اطلاعات کے مطابق یہاں بھی جماعت اسلامی کے زیر اہتمام ڈی آئی خان پریس کلب کے سامنے مہنگائی، کرپشن، بیروز گاری، بجلی و گیس لوڈ شیڈنگ کے خلاف زبردست احتجاجی مظاہرہ کیا گیا، جسکی قیادت جماعت اسلامی کے ضلعی امیر مولانا تسلیم اقبال، قیم ضلع شیر ہرگن اور امیر تحصیل زاہد محب اللہ ایڈووکیٹ نے کی، مقررین نے اپنے خطاب میں کہا کہ پٹرولیم مصنوعات، گیس و بجلی کی قیمتوں میں اضافہ، بدامنی پھیلانے اور کرپشن کو فروغ دینا موجودہ حکومت کے کارنامے ہیں، امریکہ کے کاسہ کالیس حکمرانوں نے ملک کی عوام کاجینا محال کر دیا ہے، آئے روز مہنگائی، گیس و بجلی لوڈ شیڈنگ نے ملک کی معیشت جو کہ ریڑھ کی ہڈی ہے، انہوں نے کہا کہ حکمرانوں کا مزید اقتدار میں ملک کی بقاء اور سا لمیت کے لئے خطرناک ہے۔
 
لکی مروت سے ملنے والی اطلاعات کے مطابق جماعت اسلامی لکی مروت کے زیر اہتمام سرائے نورنگ میں مین بازار سے پھاٹک چوک تک لکی مروت کی تاریخ کا سب سے بڑا مظاہرہ کیا گیا، جس کی قیادت جماعت اسلامی لکی مروت کے ضلعی امیر ملک میر شاہ، نائب امیر پروفیسر شیر غلام اور معز اللہ کر رہے تھے، انہوں نے کہا کہ ملک میں بجلی، گیس کی لوڈ شیڈنگ بڑھتی ہوئی کرپشن اور بدامنی، کی ذمہ دار صوبائی اور مرکزی مخلوط حکومت ہے۔ انکا مزید اقتدار میں رہنا ملک کا ستیاناس کرنے کے مترادف ہے، انہوں نے کہا کہ عوام کی نظر یں جماعت اسلامی کی دیانتدار قیادت پرلگی ہوئی ہے۔
خبر کا کوڈ : 128279
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش