0
Thursday 8 Oct 2009 12:53

افغانستان،بھارتی سفارتخانے کے قریب دھماکہ،12 افراد ہلاک

افغانستان،بھارتی سفارتخانے کے قریب دھماکہ،12 افراد ہلاک
کابل:افغانستان کے دارالحکومت کابل میں بھارتی سفارتخانے اور وزارت داخلہ کی عمارت کے قریب زوردار بم دھماکے سے بارہ افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہو گئے۔ زخمی ہونیوالوں میں بھارتی سفارتی عملے کے ارکان بھی شامل ہیں۔ دھماکا جمعرات کی صبح ساڑھے آٹھ بجے کے قریب کابل کے مرکزی علاقے میں ہوا جہاں حفاظتی انتظامات انتہائی سخت تھے ۔جس مقام پر یہ دھماکا ہوا اس کے قریب بھارتی سفارتخانہ،افغان وزارت داخلہ کی عمارت اور دیگر سرکاری دفاتر ہیں ۔ افغان حکام کے مطابق دھماکے میں ایک پولیس اہلکار بھی مارا گیا۔ کابل میں اگست کے بعد سے ہونے والا یہ چوتھا دھماکا ہے۔ ترجمان افغان وزارت داخلہ کا کہنا ہے کہ دھماکے سے اقوام متحدہ کی دو گاڑیوں سمیت متعدد دیگر گاڑیوں اور آس پاس کی عمارتوں کو بھی نقصان پہنچا جبکہ واقعے کے بعد سکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا ہے۔ ادھر کابل میں بھارتی سفیر جیانت پرساد نے صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ حملے کا ہدف بھارتی سفارتخانہ ہی تھا جبکہ اس کے قریب افغان وزارت داخلہ اور دیگر سرکاری عمارتیں بھی موجود تھیں۔ ان کا کہنا تھا کہ دھماکے میں کسی بھارتی سفارتکار کا جانی نقصان نہیں ہوا تاہم کچھ اہلکار زخمی ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس دھماکے میں ایک ٹویوٹا کرولا کار کو استعمال کیا گیا۔ ادھر ایک اور بھارتی سفارتکار کا کہنا تھا کہ دھماکے سے سفارتخانے کی عمارت کو بھی جزوی نقصان پہنچا۔ جبکہ اس کے قریب واقع ایک تجارتی مارکیٹ کو بھی نقصان پہنچا ہے۔ پولیس حکام نے دعوی کیا ہے کہ یہ خودکش حملہ ہو سکتا ہے تاہم اس کی مزید تفصیلات فراہم نہیں کی گئیں۔ افغانستان میں نیٹو کے ترجمان کا کہنا تھا کہ انہیں اس دھماکے کے حوالے سے ابھی کوئی تفصیلات معلوم نہیں ہوئیں تاہم بھارتی سفیر کا کہنا تھاکہ اس حملے کی شدت سات جولائی 2008ء کو ہونے والے دھماکے جیسی ہی تھی جس میں دو بھارتی سفارتکاروں سمیت چوالیس لوگ مارے گئے تھے۔ انہوں نے کہا کہ اس دھماکے سے سفارتخانے کے چند اہلکار زخمی ہوئے ہیں تاہم ان کی حالت تشویشناک نہیں ہے۔ ابھی تک کسی بھی تنظیم نے اس دھماکے کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے۔ واقعے کے بعد سکیورٹی فورسز نے پورے علاقے کی ناکہ بندی کر کے سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے۔



خبر کا کوڈ : 12857
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش