0
Monday 9 Jan 2012 00:56

میاں نواز شریف کل میمو گیٹ کمیشن کے سامنے پیش ہونگے

میاں نواز شریف کل میمو گیٹ کمیشن کے سامنے پیش ہونگے
اسلام ٹائمز۔ مسلم لیگ ن کے سربراہ میاں نواز شریف کل میمو گیٹ کمیشن کے سامنے پیش ہونگے، میمو گیٹ کی تحقیقات کیلئے سپریم کورٹ کی طرف سے قائم کئے گئے جوڈیشل کمیشن کا اجلاس کل اسلام آباد ہائی کورٹ میں ہو گا، ذرائع کے مطابق کمیشن کی جانب سے صدر زرداری، آرمی چیف، ڈی جی آئی ایس آئی، منصور اعجاز، حسین حقانی سمیت تمام فریقوں کو دوبارہ نوٹس بھی جاری کرائے گئے۔ واضح رہے کہ میمو گیٹ کی تحقیقات کے لیے قائم کمیشن کا اجلاس کل اسلام آباد ہائیکورٹ میں جسٹس قاضی فائز عیسٰی کی صدارت میں ہو گا۔ کمیشن نے نواز شریف، آرمی چیف، ڈی جی آئی ایس آئی کو نوٹس جاری کر رکھے ہیں۔

ذرائع کے مطابق نواز شریف اسلام آباد پہنچ گئے ہیں۔ کمیشن کے پہلے اجلاس میں اٹارنی جنرل مولوی انوارالحق، سیکریٹری خارجہ سلمان بشیر، سیکریٹری کیبنٹ نرگس سیٹھی پیش ہوئے تھے تاہم طلب کئے جانے کے باوجود حسین حقانی اور ڈی جی آئی ایس آئی نہیں آئے تھے، کمیشن کی جانب سے جن فریقوں کو نوٹس جاری کیے گئے ہیں ان میں صدر آصف زرداری، آرمی چیف جنرل اشفاق پرویز کیانی، ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹننٹ جنرل احمد شجاع پاشا، منصور اعجاز، حسین حقانی، اٹارنی جنرل، امریکی قومی سلامتی کے سابق مشیر جنرل ریٹائرڈ جیمزجونز، سیکریٹری خارجہ، میاں نواز شریف، اسحاق ڈار، اقبال ظفر جھگڑا، لیفٹیننٹ جنرل(ر) عبدالقادر بلوچ، راجہ محمد فاروق، حیدر خان، حفیظ الرحمان، شفقت اللہ سہیل اور محمد طارق اسد سمیت تمام فریق شامل ہیں۔ اخبارات میں شائع کیے گئے نوٹس میں تمام فریقوں سے کہا گیا ہے کہ وہ کمیشن کے کل ہونے والے اجلاس میں پیش ہوں۔ کمیشن ذرائع کے مطابق حسین حقانی اور منصور اعجاز کے رابطوں پر کینیڈا میں بلیک بیری کمپنی اور پاکستان میں ان کے آفس کو بھی اٹارنی جنرل آفس کی جانب سے نوٹس بھجوا دیے گئے ہیں۔ کمیشن کے سیکریٹری جواد عباس کا کہنا ہے کہ کمیشن کی کارروائی اوپن رکھی جائے گی۔
خبر کا کوڈ : 128743
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش