0
Monday 9 Jan 2012 13:24

جنگجو دوبارہ منظم ہو گئے، ڈرون حملے جلد دوبارہ شروع ہونگے، امریکی اخبار

جنگجو دوبارہ منظم ہو گئے، ڈرون حملے جلد دوبارہ شروع ہونگے، امریکی اخبار
اسلام ٹائمز۔ امریکی اخبار نیویارک ٹائمز نے اپنی رپورٹ میں بتایا ہے کہ پاکستان کے قبائلی علاقوں میں ڈرون حملوں کی بندش سے عسکریت پسند دوبارہ منظم ہو رہے ہیں اور امریکی حکام نے متنبہ کیا ہے کہ ڈرون حملوں میں تعطل کو کمزوری نہ سمجھا جائے، ڈرون حملوں میں تعطل اور پاکستان کی ناکافی کوششوں کی وجہ سے دہشتگردوں کو منظم ہونے کا موقع ملا ہے، جلد ہی ڈرون حملے دوبارہ شروع ہو جائیں گے۔ رپورٹ کے مطابق امریکی سی آئی اے کو امید ہے کہ پاکستان کے ساتھ معاملات کو بدتر ہونے سے بچا لیا جائے گا۔ سفارتکاروں اور انٹیلی جنس تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ سی آئی اے نے میزائل حملے روک کر عسکریت پسندی کی تحریک کو آزادی دے دی ہے، جس کی ڈرون حملوں کی وجہ سے کمر ٹوٹ گئی تھی۔ 

گزشتہ ہفتوں میں کئی عسکریت پسند دھڑوں نے اپنے اختلافات ختم کر کے دو بارہ گٹھ جوڑ شروع کردیا ہے۔ کئی دیگر عسکریت پسند گروپوں نے پاک افواج پر حملے شروع کر دیئے ہیں، جس کی حالیہ مثال گزشتہ ہفتے طالبان عسکریت پسندوں کی جانب سے 15 سکیورٹی فوجیوں کا اغوا اور ان کا قتل ہے۔ رپورٹ کے مطابق پاکستان میں گزشتہ برس ڈرون حملوں کی تعداد 64 رہی جو کہ 2010ء میں 117 تھی۔ مبصرین نے کہا کہ اس کمی کی وجہ گزشتہ برس کے اوائل میں امریکی سی آئی اے کنٹریکٹر ریمنڈ ڈیوس کی گرفتاری، مئی میں امریکی کمانڈوز کے ہاتھوں ایبٹ آباد میں اسامہ بن لادن کی ہلاکت اور نومبر میں مہمند ایجنسی میں نیٹو حملے میں 24 پاکستانی فوجیوں کی ہلاکت تھی۔ 

رپورٹ کے مطابق مہمند واقعے کے بعد پاکستان نے شمسی ائیربیس پر سی آئی اے کا ڈرون آپریشنز بند کروا دیا مگر اب یہ طیارے افغانستان سے پرواز کر کے پاکستانی علاقوں میں نگرانی کا کام جاری رکھے ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں معلوم ہے کہ القاعدہ کے رہنماء اپنی بقاء کیلئے امریکی آپریشنز سے بچنے کی منصوبہ بندی کرتے رہتے ہیں۔ امریکی دفاعی حکام نے کہا کہ دہشتگرد بے وقوف نہیں جو اس سنہری موقع سے فائدہ نہ اٹھائیں، تاہم حکام نے عندیہ دیا ہے کہ یہ حملے جلد شروع ہو جائیں گے۔
خبر کا کوڈ : 128865
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش