QR CodeQR Code

مُٹھی بھر ملک دشمن قوتیں اپنے آقائوں کے ایجنڈے کے تحت دہشتگردی کو فروغ دے رہی ہیں، آئی ایس او

9 Jan 2012 22:34

اسلام ٹائمز:چہلم امام حسین علیہ السلام کے موقع پر سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لینے کے حوالے سے منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے اسسٹنٹ چیف اسکاؤٹ علی نور کا کہنا تھا کہ امامیہ اسکاؤٹس چہلم امام علیہ السلام کے موقع پر بطریق احسن اپنی ڈیوٹی سرانجام دیں گے۔


اسلام ٹائمز۔ امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پشاور ڈویژن کی کابینہ کا اجلاس پشاور یونیورسٹی میں منعقد ہوا، اجلاس میں چہلم امام حسین علیہ السلام کے حوالے سے انتظامات کا جائزہ لیا گیا، اجلاس میں ضلع کوہاٹ کی کابینہ کے ارکان نے خصوصی طور پر شرکت کی، اس موقع پر آئی ایس او پشاور ڈویژن کے صدر ثاقب بنگش نے کہا کہ مُٹھی بھر ملک دشمن قوتیں سرزمین پاکستان میں اپنے آقائوں کے ایجنڈے کے تحت دہشتگردی کو فروغ دے رہی ہیں جو کہ ملک کی سلامتی کے خلاف ایک گھناؤنی سازش ہے، انہوں نے کہا کہ حکومت کا فرض ہے کہ وہ سرزمین پاکستان میں فسادات ہونے سے پہلے دہشتگردوں کا قلع قمع کرے اور دہشتگردوں کو گرفتار کیا جائے، تاکہ وطن عزیز پاکستان میں بسنے والے تمام مکاتب فکر اپنے مذہبی ایام عقیدت کے ساتھ منائیں۔

اس موقع پر اسسٹنٹ چیف اسکاؤٹ علی نور نے کہا کہ امامیہ اسکاؤٹس چہلم امام حسین علیہ السلام کے موقع پر بطریق احسن اپنی ڈیوٹی سرانجام دیں گے اور حکومتی اداروں کو دوران جلوس مکمل تعاون کی یقین دہانی کراتے ہیں، انہوں نے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ حکومت حفاظتی انتظامات میں مزید بہتری لائے، کیونکہ گزشتہ کئی دنوں سے کچھ شرپسند عناصر بدامنی پھیلانے کی ناکام کوششیں کر رہے ہیں اور انتظامیہ بھی غفلت برت رہی ہے، ان کا کہنا تھا کہ ہم کسی صورت بھی مجالس اور جلوس ہائے اربعین امام حسین علیہ السلام میں کسی قسم کی رکاوٹوں اور دیگر مسائل کو برداشت نہیں کرینگے۔


خبر کا کوڈ: 128972

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/128972/م-ٹھی-بھر-ملک-دشمن-قوتیں-اپنے-آقائوں-کے-ایجنڈے-تحت-دہشتگردی-کو-فروغ-دے-رہی-ہیں-آئی-ایس-او

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org