0
Tuesday 10 Jan 2012 02:11

منصور اعجاز جب چاہیں ویزہ جاری، بغیر پاسپورٹ کے پاکستان نہیں آنے دیا جائے گا، رحمان ملک

منصور اعجاز جب چاہیں ویزہ جاری، بغیر پاسپورٹ کے پاکستان نہیں آنے دیا جائے گا، رحمان ملک
اسلام ٹائمز۔ نادرا ہیڈکوارٹر اسلام آباد میں قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے داخلہ کے اجلاس میں شرکت کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے رحمان ملک کا کہنا تھا کہ منصور اعجاز جب چاہیں ان کو ویزہ جاری کر دیں گے، وہ پہلے ویزہ حاصل کرنے کے لیے درخواست دیں، قبل از این میمو کمیشن نے منصور اعجاز کو ایک دن میں ویزہ جاری کرنے کا حکم دیا تھا۔ رحمان ملک کا کہنا تھا کہ منصور اعجاز کو بغیر پاسپورٹ پاکستان نہیں آنے دیا جائے گا، نواز شریف چاہیں تو منصور اعجاز کو رائے ونڈ میں اپنا مہمان بنا سکتے ہیں، انہیں سیکورٹی فراہم کرنے کیلئے پنجاب حکومت کو بھی لکھ سکتے ہیں۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ حسین حقانی کو کیمشن کی ہدایت پر سکیورٹی فراہم کی گئی، پروٹوکول نہیں۔ سابق صدر پرویز مشرف کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں انھوں نے کہا کہ وہ ملک میں جہاں بھی جہاز سے اتریں گے ان پر پاکستانی قانون لاگو ہو گا۔ قبل ازیں قائمہ کمیٹی کے اجلاس میں اراکین کو اسلحہ لائسنس کے حوالے سے بریفنگ دیتے ہوئے وزیر داخلہ نے بتایا کہ اسلحہ سکینڈل کے حوالے سے انکوائری جاری ہے، کراچی میں ایک ہزار سے زائد جعلی لائسنس ملے ہیں، انہوں نے کہا کہ نئے لائسنس کا اجراء زیر التوا درخواستیں نمٹانے کے بعد ہی کیا جائے گا۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ کراچی میں آئل ٹینکر کے ذریعے اسلحہ اسمگل ہو رہا ہے اور پولیس نے کئی ٹینکرز سے اسلحہ برآمد کیا ہے۔

قبل ازیں دیگر ذرائع کے مطابق وزارت داخلہ نے وفاقی دارالحکومت میں فول پروف سیکیورٹی کو یقینی بنانے کے لئے تمام دستیاب نفری کو تعینات کرنے کا حکم دیا ہے۔ وزیر داخلہ رحمان ملک نے سیکرٹری داخلہ کو ہدایت کی کہ اسلام آباد پولیس کی 5 ہزار آسامیوں کو پر کرنے کی سمری وفاقی کابینہ کو بھجوائیں۔ وزیر داخلہ رحمان ملک کی زیر صدارت اعلٰی سطح کے اجلاس میں اسلام آباد میں موجود پولیس، رینجرز اور ایف سی کی تمام نفری کو بروئے کار لاتے ہوئے تعینات کرنے کا حکم دیا گیا۔ وزیر داخلہ نے وفاقی دارالحکومت کے پولیس جوانوں کے لئے خصوصی میس اور فاسٹ فوڈ پوائنٹ قائم کرنے، ہر پولیس اہلکار کا میڈیکل چیک اپ کرانے کی ہدایت کی۔ جبکہ انہوں نے چیف کمشنر کو پولیس اہلکاروں کی انشورنس کرانے کا انتظام کرنے کی ہدایت بھی کی۔ وزیر داخلہ نے ہدایت کی کہ ایف نائن پارک میں پبلک کارنر قائم کرنے کا منصوبہ جلد مکمل کیا جائے۔ انہوں نے پولیس اہلکاروں کو گرم کپڑوں کی وردی فراہم کرنے کا حکم دیتے ہوئے پولیس چیک پوسٹوں میں لکڑی جلانے پر پابندی لگا دی ہے۔
خبر کا کوڈ : 129028
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش