0
Wednesday 11 Jan 2012 21:50

وقت کا تقاضہ ہے کہ سیاسی جماعتوں سے رابطے قائم کئے جائیں، نواز شریف

وقت کا تقاضہ ہے کہ سیاسی جماعتوں سے رابطے قائم کئے جائیں، نواز شریف
اسلام ٹائمز۔ مسلم لیگ ن کے قائد میاں نواز شریف نے کہا ہے کہ صدر آصف علی زرداری اور وزیراعظم یوسف رضا گیلانی ملک کی تقدیر سے نہ کھیلیں، ہم ملک میں کسی نئی مہم جوئی کی اجازت نہیں دیں گے۔ میڈیا سے گفتگو میں میاں نواز شریف کا کہنا تھا کہ قومی اسمبلی کے اجلاس میں حکومت کی جانب سے نیا کھیل کھیلنے کی کوشش کی گئی تو بھرپور مزاحمت کی جائے گی۔ حکومت کو این آر او پر سپریم کورٹ کا فیصلہ تسلیم کرنا چاہیئے۔ نواز شریف کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ ن کی جانب سے کل سیاسی جماعتوں کا اجلاس بلایا جا رہا ہے کیونکہ وقت کا تقاضہ ہے کہ سیاسی جماعتوں سے رابطے قائم کئے جائیں۔ 

انہوں نے حکومت کی اتحادی جماعتوں سے بھی کہا کہ وہ بھی نزاکت کا احساس کریں اور وقت کی پُکار کو سنتے ہوئے بدعنوان حکومت سے لاتعلقی کا اعلان کر دیں۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت کی جانب سے عدلیہ کے درجنوں فیصلوں کو پائوں تلے روندا گیا۔ این آر او کے حوالے سے سپریم کورٹ کا فیصلہ سیاسی جماعتوں سے اس بات کا متمنی ہے کہ ملک میں انصاف اور قانون کی حکمرانی کے لئے اس کو تسلیم کیا جائے۔ مسلم لیگ ن کے قائد کا کہنا تھا کہ چاہیئے تو یہ تھا کہ حکومت ملک میں آئین، قانون اور انصاف کی پاسداری یقینی بناتی لیکن اس نے عدلیہ کے فیصلوں سے روگردانی کو اپنا وطیرہ بنا لیا ہے۔

ملک میں اعلیٰ ترین سطح پر کرپشن کا راج ہے۔ عوام کو بجلی مل رہی ہے نہ گیس، پاکستان میں اشیائے ضروریہ کی قیمتیں آسمان سے باتیں کر رہی ہیں۔ حکومت تمام عوامی مسائل حل کرنے میں مکمل طور پر ناکام ہو چکی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اداروں سے تصادم کا رویہ عروج پر ہے، لگتا ہے کہ حکومت نئی مہم جوئی کرنے کا سوچ رہی ہے۔ ایسی حکومت پر اعتماد کا مطلب ملک و قوم کے ساتھ بداعتمادی ہو گی۔ سیاسی جماعتوں سے کہتا ہوں کہ اس بدعنوان حکومت سے فوری قطع تعلق کر لیں، حالات کا تقاضا ہے کہ ملک میں نئے انتخابات فوری کروائے جائیں۔
خبر کا کوڈ : 129587
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش