QR CodeQR Code

دفاع پاکستان کانفرنس ملتان کی تاریخ کا بہت بڑا اجتماع ہوگا، نصر جاوید

12 Jan 2012 23:23

اسلام ٹائمز:جماعتہ الدعوہ پاکستان کے مرکزی رہنماء نے ملتان میں ذمہ داران کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے غیور عوام امریکہ و نیٹو کی کھلی دہشت گردی اور بیرونی قوتوں سے کئے گئے اسلام و پاکستان کے خلاف معاہدے کسی صورت قبول کرنے کیلئے تیار نہیں۔


اسلام ٹائمز۔ جماعتہ الدعوہ پاکستان کے مرکزی رہنماء نصر جاوید نے کہا ہے کہ دفاع پاکستان کانفرنس ملتان کی تاریخ کا ایک بہت بڑا اجتماع ہوگا، جس میں تمام شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے ہزاروں افراد شریک ہوکر امریکہ، بھارت اور نیٹو فورسز کیخلاف نفرت کا بھرپور اظہار کریں گے اور دنیائے کفر کو پیغام دیا جائے گا کہ پاکستان کے غیور عوام امریکہ و نیٹو کی کھلی دہشت گردی اور بیرونی قوتوں سے کئے گئے اسلام و پاکستان دشمن معاہدے کسی صورت قبول کرنے کیلئے تیار نہیں، کارکنان و ذمہ داران کانفرنس کو کامیاب بنانے کیلئے بھرپور مہم چلائیں۔ 

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ضلعی دفتر میں ملتان بھر کے تحصیلی، علاقائی اور سیکٹر ذمہ داران کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر امیر جماعتہ الدعوہ جنوبی پنجاب پروفیسر عطا اللہ علیزئی، ضلعی امیرحافظ عبدالغفار بھی موجود تھے، نصر جاوید نے کہا کہ دفاع پاکستان کانفرنس ملتان کونسل میں شامل تمام مذہبی و سیاسی جماعتوں کا مشترکہ پروگرام ہے، جس میں شرکت کیلئے تمام جماعتیں بھرپور تیاریاں کر رہی ہیں، کانفرنس میں مذہبی و سیاسی جماعتوں کے علاوہ تمام مکاتب فکر کے مدارس کی بھی بھرپور شرکت ہو گی۔
 
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ 29 جنوری کو ملتان شہر کے مختلف علاقوں سے سینکڑوں قافلے نکالے جائیں گے جو مختلف راستوں سے ہوتے ہوئے کانفرنس میں شرکت کریں گے، علاوہ ازیں 25 جنوری سے شہر بھر میں دفاع پاکستان روڈ کاررواں چلائے جائیں گے، جو عوام الناس کو کانفرنس میں شرکت کی ترغیب دیں گے، کانفرنس میں مسیحی، ہندو اور پاکستان میں بسنے والے دیگر مذاہب و اقلیتوں کے نمائندگان بھی شرکت کریں گے۔


خبر کا کوڈ: 129776

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/129776/دفاع-پاکستان-کانفرنس-ملتان-کی-تاریخ-کا-بہت-بڑا-اجتماع-ہوگا-نصر-جاوید

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org