QR CodeQR Code

پشاور،شرپسندوں کا پولیس چوکی پر حملہ، 3 اہلکار شہید، 7 حملہ آور ہلاک

13 Jan 2012 15:55

اسلام ٹائمز:پولیس ذرائع کے مطابق خیبر ایجنسی سے ملحقہ علاقہ سربند میں پولیس چوکی پر 50 سے زائد شرپسندوں نے بھاری ہتھیاروں سے حملہ کردیا، شدید فائرنگ کی اور متعدد راکٹ بھی فائر کئے، جس کے نتیجے میں 11 سیکورٹی اہلکار زخمی بھی ہوئے۔


اسلام ٹائمز۔ پشاور کے نواحی علاقہ سربند میں ریاض پولیس چوکی پر 50 سے زائد شرپسندوں نے حملہ کردیا، جس کے نتیجے میں 3 سیکیورٹی اہلکار شہید جبکہ 11 زخمی ہوگئے، اس کے علاوہ دو کمانڈروں سمیت 7 شرپسند بھی مارے گئے، پولیس ذرائع کے مطابق خیبر ایجنسی سے ملحقہ پولیس چوکی پر 50 سے زائدشرپسندوں نے بھاری ہتھیاروں سے حملہ کردیا اور شدید فائرنگ کی اور متعدد راکٹ بھی فائر کئے، جس کے نتیجے میں تین سیکیورٹی اہلکار شہید اور چار پولیس اہلکاروں سمیت نو سکیورٹی اہلکار زخمی ہوگئے، زخمیوں کو حیات آباد میڈیکل کمپلیکس منتقل کردیا گیا، پولیس کا کہنا تھا کہ حملہ خیبر ایجنسی کی جانب سے کیا گیا اور پولیس اہلکاروں نے بھی بھرپور جوابی کارروائی کی، تاہم شرپسند فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے، واقعے کے بعد پولیس کی بھاری نفری نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے۔

دوسری جانب وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا امیر حیدر ہوتی نے شہید اہلکاروں کی نماز جنازہ کے موقع پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے بتایا کہ سربند پولیس چوکی پر حملہ میں 2 اہم کمانڈروں سمیت 7 شرپسند ہلاک ہوئے ہیں، ان کا کہنا تھا کہ سیکورٹی اہلکاروں نے شرپسندوں کا جواں مردی سے مقابلہ کیا، دہشتگرد اپنی ان کارروائیوں سے پولیس فورس میں مایوسی پھیلانا چاہتے ہیں، تاہم سیکورٹی اہلکاروں کی شہادت سے ہمارے حوصلے بلند ہوئے ہیں۔


خبر کا کوڈ: 129954

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/129954/پشاور-شرپسندوں-کا-پولیس-چوکی-پر-حملہ-3-اہلکار-شہید-7-آور-ہلاک

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org