QR CodeQR Code

ایف سی کالج یونیورسٹی میں یوم امام حسین ع کا انعقاد

13 Jan 2012 19:47

اسلام ٹائمز:یونیورسٹی کی بزم فکرونظر اور شیعہ طلبہ کے زیراہتمام تقریب اساتذہ اور طلبہ وطالبات کی کثیر تعداد میں شرکت، امام حسین ع کی لازوال قربانی کو زبردست خراج عقیدت، طلبہ نے نوحہ خوانی اور مرثیہ خوانی کی۔


اسلام ٹائمز۔ لاہور کی ممتاز اور تاریخی درس گاہ ایف سی کالج یونیورسٹی میں نواسہ رسول جگر گوشہ علی وبتول حضرت امام حسین ع کی لازوال قربانی کو خراج تحسین پیش کرنے کے لئے یوم حسین ع کا انعقاد کیا گیا جس میں پروفیسر سید شبیہہ الحسن ہاشمی اور علامہ ابرار حسین کاظمی نے خصوصی خطاب کیا اور امام حسین کی اسلام کے لئے لازوال قربانی پر تفصیلی روشنی ڈالی۔ اس موقع پر یونیورسٹی کے طلبہ نے مرثیہ خوانی اور نوحہ خوانی بھی کی جب کہ تقریب میں طلبہ وطالبات کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ 

مقررین نے کہا کہ امام حسین ع نے میدان کربلا میں اپنے اہل خانہ اور اصحاب کی قربانی دے کر اسلام کے شجر کی آبیاری کی، امام حسین ع نے جو پیغام دنیا کو دیا وہ پوری دنیا کے مظلومین کے لئے امید ہے۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان نسل پر اس حوالے سے بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ استعمار کی تقافتی یلغار کا شکار نہ ہوں بلکہ نظریاتی طور پر اتنے مضبوط ہو جائیں کہ اسلام و پاکستان دشمن قوتیں ہمارے نوجوانوں کو گمراہ نہ کر سکیں۔ انہوں نے کہا کہ جب نوجوان دشمن کی شازشوں اور حربوں سے باخبر ہو جائیں گے تو ان کا مقابلہ بھی آسانی سے کر سکیں گے اس لئے نوجوانوں کو چاہیے کہ خود کو دین سے منسلک رکھیں اور اسلام و پاکستان دشمنوں کی سازشوں کو ناکام بنا دیں۔ 

مقررین نے کہا کہ امام حسین ع نے میدان کربلا میں جو پیغام دیا ہے اس پر عمل کرنے اور اس کی روح کو سمجھنے کی ضرورت ہے۔ کہتے ہیں کہ مقصد جتنا بڑا ہوتا ہے اس کے لئے اتنی ہی بڑی قربانی دینا پڑتی ہے۔ امام حسین ع نے جتنی بڑی قربانی دی یقیناً اسلام کی بقا کا تقاضا تھا اور آج اسلام کو پوری دنیا میں بدنام کیا جا رہا ہے ضرورت اس امرکی ہے کہ اسلام کا چہرہ مسخ کرنے والوں کو بے نقاب کریں۔ انہوں نے کہا کہ امام حسین ع نے حق اور باطل کے درمیاں حد فاصل کھینچ دی اور آج بھی حسینت حق اور یزیدیت باطل کے استعارے ہیں، ہم چونکہ حسینی ہیں تو ہماری ذمہ داریاں زیادہ ہیں، ہم نے امام حسین ع کے پیغام کو آگے بڑھانا ہے اور اس کے لئے ہمیں اپنے آپ پر توجہ دینا ہو گی اپنا کردار اتنا پاکیزہ بنانا ہو گا کہ ہم اس مقدس مشن کو آگے منتقل کر سکیں۔


خبر کا کوڈ: 130009

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/130009/ایف-سی-کالج-یونیورسٹی-میں-یوم-امام-حسین-ع-کا-انعقاد

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org