QR CodeQR Code

اہلیانِ اسلام آباد پندرہ جنوری کے جلسہ عام میں ضرور شر یک ہوں،میاں محمد اسلم

14 Jan 2012 15:43

اسلام ٹائمز:شباب ملی اسلام آباد کی مو ٹر سائیکل ریلی سے خطاب کرتے ہوئے جماعت اسلامی پنجاب کے نائب امیر کا کہنا تھا کہ بجلی و گیس کی لوڈشیڈنگ اور ان کی قیمتوں میں آئے روز اضافے نے عوام کو بدحال کر دیا ہے۔ انقلاب پاکستان کی چوکھٹ پر دستک دے رہا ہے۔


اسلام ٹائمز۔ نائب امیر جماعت اسلامی صوبہ پنجاب اور سابق ممبر قومی اسمبلی میاں محمد اسلم نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت کے دور میں عوامی مسائل میں سو گنا اضافہ ہوا ہے۔ تمام مسائل کا حل عوام کا گھروں سے نکل کر موجودہ حکومت کے خاتمے کی تحریک میں شامل ہونے سے ہی وابستہ ہے۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے شباب ملی اسلام آباد کے زیر اہتمام مہنگائی، لودشیڈنگ اور کرپشن کے خلاف منعقدہ موٹر سائیکل ریلی کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ریلی سے شباب ملی ضلع اسلام آباد کے صدر راؤ جاوید اختر نے بھی خطاب کیا۔ میاں اسلم نے کہا 15 جنوری کو حکومت عوامی مسائل کے حل اور موجودہ نظام سے چھٹکارے کے لیے اسلام آباد میں ایک عظیم الشان جلسہ عام منعقد کر ے گی۔ اہلیان اسلام آباد بالخصوص نوجوان پندرہ جنوری کے جلسہ عام میں اپنی گھر کے تمام افراد کے ہمراہ ضرور شریک ہوں۔ 

میاں اسلم کا کہنا تھا کہ کرپشن اور اقربا پروری نے تمام ادارے تباہ کر دیے ہیں۔ مہنگائی، بے روزگاری، بجلی و گیس کی لوڈشیڈنگ اور ان کی قیمتوں میں آئے روز اضافے نے عوام کو بدحال کر دیا ہے۔ ملک کی آزادی و خود مختاری داؤ پر لگی ہے۔ حکومت نے عوام کو بدحالی کے سوا کچھ نہیں دیا۔ ریلوے، پی آئی اے، سٹیل ملز کو نجکاری اور اونے پونے بیچنے کے لیے تباہی کے کنارے پہنچا دیا گیا ہے۔ پوری دنیا میں پاکستان کو مذاق بنا دیا گیا ہے۔


خبر کا کوڈ: 130208

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/130208/اہلیان-اسلام-آباد-پندرہ-جنوری-کے-جلسہ-عام-میں-ضرور-شر-یک-ہوں-میاں-محمد-اسلم

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org