0
Sunday 15 Jan 2012 07:32

جماعت اسلامی سیاسی رابطوں کی روشنی میں بہت جلد اپنی انتخابی پالیسی کا اعلان کریگی، منور حسن

جماعت اسلامی سیاسی رابطوں کی روشنی میں بہت جلد اپنی انتخابی پالیسی کا اعلان کریگی، منور حسن
اسلام ٹائمز۔ امیر جماعت اسلامی پاکستان سید منور حسن نے کہا ہے کہ عوام موجودہ حکومت سے تنگ اور اس سے جلد نجات چاہتے ہیں۔ اپنے چار سالہ دور حکومت میں پیپلز پارٹی نے عوام کے دکھوں میں اضافے اور ملکی وسائل کی لوٹ مار کے سوا کچھ نہیں کیا۔ ملک کو امریکہ کی کالونی اور سی آئی اے و بلیک واٹر کی آماجگاہ بنا دیا گیا ہے۔ ملک کی خود مختاری و آزادی داﺅ پر لگی ہے۔ حکمران جمہوریت کا ڈھنڈورا تو بہت پیٹتے ہیں لیکن ان کے تمام اقدامات اور رویے غیر جمہوری ہیں۔ قومی اداروں کے ساتھ محاذ آرائی کی کیفیت پیدا کر دی گئی ہے اور سپریم کورٹ کے فیصلوں تک کو مذاق بنا دیا گیا ہے۔ موجودہ صورتحال سے نکلنے کا واحد حل انتخابات ہیں، جماعت اسلامی کے دینی و سیاسی جماعتوں سے رابطے جاری ہیں جن کی روشنی میں بہت جلد جماعت اپنی انتخابی حکمت عملی کا اعلان کرے گی۔ ہم نے سیٹ ایڈجسٹمنٹ سمیت تمام آپشنز کھلے رکھے ہیں۔ عوام دفاعی کمیٹی کے فیصلوں پر عملدر آمد ہوتا دیکھنا چاہتے ہیں، امریکہ سے تعلقات استوار اور نیٹو سپلائی بحال کرنے جیسے کسی فیصلے کو عوامی تائید حاصل نہیں ہو گی، امریکہ مغربی تہذیت کا سرغنہ اور لاکھوں مسلمانوں کے قتل عام کا مجرم ہے، مغرب اسلحے اور جنگی ٹیکنالوجی کے ذریعے اپنی تہذیب دنیا پر مسلط نہیں کر سکتا، عالمی امن کیلئے دنیا کو اسلام کے سایہ رحمت میں پناہ لینا ہو گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منصورہ میں پانچ روزہ مرکزی تربیت گاہ میں ملک بھر سے آئے ہوئے سینکڑوں شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

سید منور حسن نے کہا کہ امریکہ اور نیٹو کا مقصد دہشت گردی کے خاتمے کے بجائے اسلام اور مسلمانوں کو اپنی دہشت گردی کا نشانہ بنانا ہے۔ مغرب طاقت اور اسلحہ کے زور پر اپنی دم توڑتی تہذیب کو زندہ اور مسلط رکھنا چاہتا ہے جبکہ اس تہذیب کے ماننے والے ہی لاکھوں کی تعداد میں سڑکوں پر اس کے خلاف سراپا احتجاج ہیں اور سرمایہ دارانہ نظام کے ذریعے روا رکھے جانے والے ظلم کے خاتمے کیلئے متحد ہو چکے ہیں، عراق اور افغانستان میں امریکہ نے اپنے مذموم مقاصد کے لیے لاکھوں لوگوں کا قتل عام کیا۔ لاکھوں ٹن بارود کی بارش اور کارپٹ بمباری کر کے کئی بستیوں کو ملیا میٹ کر دیا گیا لیکن نام نہاد مہذب لوگوں اور انسانی حقوق کے تحفظ کے علمبرداروں نے اس ظلم و جبر کے خلاف کوئی آواز بلند نہیں کی۔ امریکہ اور اس کے اتحادیوں نے انسانوں کو بھسم کرنے کا جرم اس لئے کیا کہ اب اس کے پاس دلیل کی قوت موجود نہیں۔ دوسری طرف فلسطین اور کشمیر میں یہودیوں اور ہندوﺅں نے لاکھوں مسلمانوں کو غلامی کی زنجیروں میں جکڑ رکھا ہے۔ 

سید منور حسن نے کہا کہ دفاعی کمیٹی سابقہ اجلاسوں میں ہونے والے فیصلوں پر عمل درآمد نہ ہونے کی وجوہات اور موجودہ اجلاس میں ہونے والے فیصلوں سے قوم کو آگاہ کرے۔ عوام نیٹو سپلائی کو مستقل بند اور امریکی مداخلت کا خاتمہ چاہتے ہیں۔ ہمیں امید ہے کہ دفاعی کمیٹی قومی امنگوں اور عوامی امیدوں پر پورا اترے گی اور کوئی ایسا فیصلہ نہیں کریگی جس سے امریکی اور بھارتی بالادستی کا تاثر قائم ہو۔ 

سید منور حسن نے کہا کہ ملک جس سیاسی بحران سے دوچار ہے اس سے نکلنے کا صرف ایک ہی حل ہے اور وہ یہ کہ ملک میں فوری طور پر نئے انتخابات کرا دیئے جائیں، جماعت اسلامی نے دینی و سیاسی جماعتوں سے رابطے کئے ہیں جن کی روشنی میں ہم بہت جلد اپنی انتخابی پالیسی کا اعلان کر دیں گے، ہمارے دروازے سب کیلئے کھلے ہیں اور ہم نے سیٹ ایڈجسٹمنٹ سمیت تمام آپشنز کو اوپن رکھا ہے، جماعت اسلامی ملک و قوم کو اس گھمبیر صورت حال سے نکالنا چاہتی ہے اور حکمرانوں کو بھی ہمارا مشورہ ہے کہ اپنی رہی سہی ساکھ کو بچانے کیلئے ہٹ دھرمی چھوڑ کر انتخابات کا اعلان کر دیں۔
خبر کا کوڈ : 130335
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش