QR CodeQR Code

خانپور واقعہ پنجاب حکومت کے منہ پر طمانچہ ہے، آئی ایس او لاہور ڈویژن

15 Jan 2012 17:49

اسلام ٹائمز:پریس کلب کے باہر مظاہرہ سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ اس سانحہ پر 18 بے گناہ لوگوں کی شہادت بہت بڑا سانحہ ہے وزیر قانون پنجاب رانا ثناء اللہ اور ڈی پی او فوری طور پر استعفیٰ دیدیں۔


اسلام ٹائمز۔ خان پور میں چہلم امام حسین ع کے جلوس کے دوران ہونے والے خودکش حملے میں 18 عزاداروں کی شہادت اور ڈی پی او رحیم یار خان کی غفلت کے خلاف آئی ایس او لاہور ڈویژن کے کارکنوں نے پریس کلب کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیا۔ مظاہرے میں طلبہ کی کثیر تعداد نے شرکت کی، جنہوں نے کتبے اور پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے، جن پر دہشتگردی کے خلاف نعرے درج تھے۔ مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے آئی ایس او لاہور ڈویژن کے صدر بردار ناصر علی، غضنفر عباس، مرکزی سیکرٹری اطلاعات آئی ایس او پاکستان سلمان عابد اور دیگر رہنماؤں نے کہا کہ پنجاب حکومت کی جانب سے دہشتگردوں کی سرپرستی کے باعث صوبے میں ایسے واقعات ہو رہے ہیں اور ان واقعات میں حکومتی مشینری برابر کی شریک ہے۔
 
مقررین نے کہا کہ ڈی پی او رحیم یار خان نے پہلے تو دھماکے کو تسلیم کرنے سے ہی انکار کر دیا اور اسے علم مبارک کے تاروں سے ٹکرانے اور بجلی کے ٹرانسفارمر پھٹنے کا واقعہ قرار دے کر اپنے آپ کو بری الذمہ قرار دے رہا تھا لیکن جب جائے وقوعہ پر بم دھماکے کے شواہد ملے تو اس نے اپنا ہی تھوکا چاٹ لیا اور اسے خودکش حملہ قرار دیا۔ مقررین نے کہا کہ اس سانحہ میں ضلعی انتظامیہ ملوث ہے اور ڈی پی او رحیم یار خان کو فوری طور پر معطل کیا جائے۔ مقررین نے کہا کہ امام حسین ع کی یاد منانے والے نہتے عزاداروں پر حملے یزیدیت کے گماشتوں کی کارروائی ہے، جس سے ثابت ہوتا ہے کہ یزید کی اولاد آج بھی حسینیت سے برسرپیکار ہے۔ انہوں نے کہا کہ یزیدیت نے کربلا میں بھی عبرت ناک شکست کھائی تھی اور اس دور میں بھی یزیدیت کو عبرت کا نشان بنا دیں گے۔ 

مقررین نے کہا کہ خان پور میں ہونے والا دہشتگردی کا یہ واقعہ پنجاب حکومت کے منہ پر طمانچہ ہے جو سکیورٹی سخت ہونے کے دعوے کرتی رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ شیعان پاکستان کے صبر کا امتحان نہ لیا جائے، ہماری حب الوطنی کو بزدلی سے تعبیر کرنے والے احمقوں کی جنت میں رہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس سانحہ پر 18 بے گناہ لوگوں کی شہادت بہت بڑا سانحہ ہے وزیر قانون پنجاب رانا ثناءاللہ اور ڈی پی او رحیم یار خان فوری طور پر استعفٰی دیدیں۔ مقررین نے واقعہ میں ملوث ملزمان کی فوری گرفتاری کا مطالبہ کیا۔ 


خبر کا کوڈ: 130503

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/130503/خانپور-واقعہ-پنجاب-حکومت-کے-منہ-پر-طمانچہ-ہے-آئی-ایس-او-لاہور-ڈویژن

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org