0
Monday 16 Jan 2012 23:10

عدلیہ پر لوگوں کا اعتماد ختم ہو رہا ہے، لیاقت بلوچ

عدلیہ پر لوگوں کا اعتماد ختم ہو رہا ہے، لیاقت بلوچ
اسلام ٹائمز۔ جماعت اسلامی پاکستان کے سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ  این آر او کے خاتمے کے باوجود ایم کیو ایم کے ساڑھے چار ہزار ٹارگٹ کلرز بھتہ خوروں اور قاتلوں کے خلاف کارروائی نہ ہونے سے عدلیہ پر لوگوں کا اعتماد ختم ہورہا ہے، چیف جسٹس سے قوم سوال کرتی ہے کہ این آر او ختم کرنے کے بعد ٹارگٹ کلرز کو کیوں کھلی چھٹی دے رکھی ہے، بھتہ خوروں اور قاتلوں کے خلاف مقدمات دوبارہ کیوں نہیں چلائے جارہے، مشرف کی امریکی بالا دستی اور غلامی کی پالیسی کو پیپلز پارٹی نے زیادہ ڈھٹائی سے جاری رکھا ہوا ہے، عدلیہ حکمرانوں کے ساتھ ساتھ ان کے اتحادیوں کا بھی محاسبہ کرے۔
 
ملتان میڈیا سنٹر'' دارالسلام'' سے جاری کردہ پریس ریلیز کے مطابق انہوں نے کہا کہ اداروں کے درمیان تصادم حقیقت پر مبنی نہیں، میمو گیٹ سکینڈل امریکی ذہین کی اختراع ہے جس سے وہ ہمارے درمیان اختلافات پیدا کرکے پاکستان کو ناکام ریاست ثابت کرنا چاہتا ہے، ان کا کہنا تھا کہ ملک میں زرداری اور پیپلز پارٹی کے خلاف سب سے زیادہ نفرت سندھ میں پائی جاتی ہے، با اختیار اور خود مختار الیکشن کمیشن اور متفقہ عبوری حکومت قائم کرکے جلد از جلد انتخابات کروائے جائیں، الیکشن کمیشن اور نادرا کے درمیان سارا تنازعہ امریکی امداد کی تقسیم پر ہے۔

لیاقت بلوچ نے کہا کہ جماعت اسلامی مختلف سیاسی جماعتوں کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہے اور سیٹ ایڈجسٹمنٹ سمیت تمام آپشنز کھلے ہیں، انہوں نے کہا کہ ایم ایم اے کی بحالی کیلئے ہمیں اپنی سابقہ غلطیوں کا ازالہ کرتے ہوئے آئندہ قوم کو اعتماد میں لیکر فیصلے کرنا ہونگے، ایم ایم اے کی موجودگی کے باوجود اگر اس میں شامل جماعتوں کے رابطے حکومت سمیت دوسری جماعتوں سے رہینگے تو ایم ایم اے کو نقصان ہوگا اور وہ قومی امیدوں پر پورا نہیں اتر سکیں گی، لیاقت بلوچ نے کہا کہ آصف علی زرداری متنازع شخص ہیں جو عدالتی حکم کے علی الرغم صدر مملکت ہوتے ہوئے بھی پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین کے عہدے پر قابض ہیں۔
 
انہوں نے کہا کہ سندھ میں لوگوں نے اپنے گھروں اور گاڑیوں سے پیپلز پارٹی کے جھنڈے اتارنا شروع کردئیے ہیں، آئندہ کوئی سندھ کارڈ کا سہارا نہیں لے سکے گا، عوام اب تبدیلی چاہتے ہیں حکومت ملک میں جلد از جلد انتخابات کا اعلان کرے۔
خبر کا کوڈ : 130845
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش