0
Monday 16 Jan 2012 23:45

حکیم اللہ محسود کی ہلاکت کی مصدقہ اطلاعات نہیں، میاں افتخار حسین

حکیم اللہ محسود کی ہلاکت کی مصدقہ اطلاعات نہیں، میاں افتخار حسین
اسلام ٹائمز۔ خیبر پختونخوا حکومت کے ترجمان اور صوبائی وزیر اطلاعات میاں افتخار حسین نے کہا ہے کہ حکیم اللہ محسود کی ہلاکت کی مصدقہ اطلاعات نہیں ہیں، امریکہ اگر پاکستان اور افغانستان کے بغیر طالبان سے مذاکرات کرے گا تو یہ مذاکرات بے نتیجہ ثابت ہوں گے، نوشہرہ پریس کلب کی نو منتخب کابینہ کی حلف برداری کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے میاں افتخار حسین نے کہا کہ ہم طالبان سے مذاکرات کے لیے تیار ہیں لیکن مذاکرات کے لیے ایک طریقہ کار ہوتا چاہئے اور ہم تینوں یعنی پاکستان، امریکہ اور افغانستان کو اپنے طریقہ کار کے مطابق طالبان سے مذاکرات کرنے چاہیے، مذاکرات کا آغاز جلد از جلد ہونا چاہیے تاکہ دہشت گرد منظم نہ ہوں۔
 
انہوں نے کہا کہ امریکہ نے طالبان کے ساتھ مذاکرات شروع کر دیئے ہیں اور ملا عمر کبھی مذاکرات کی تصدیق اور کبھی تردید کرتے ہیں، یہ مذاکرات بے نتیجہ ثابت ہوں گے، انہوں نے کہا کہ عدلیہ کی آزادی اور خود مختاری کے لئے عوام نے خون کی قربانیاں دی ہیں اور موجودہ حکومت کے دور میں عدلیہ سب سے زیادہ مضبوط ہے، انہوں نے کہا کہ بعض سیاسی جماعتیں موجودہ حکومت اور جمہوریت کیخلاف سازشوں میں مصروف ہیں، اگر ملک میں مارشل لاء نافذ ہوا تو پھر نو سالوں تک انتظار کرنا پڑے گا، اس لیے ماضی کی بھول بھولیوں سے سبق حاصل کرکے ہم آگے بڑھ سکتے ہیں۔
 
انہوں نے کہا کہ جو سیاسی جماعتیں وقت سے پہلے الیکشن چاہتی ہیں تو وہ حکومت سے بات کریں، کسی اور قوت کو استعمال کرنا جمہوریت کے خلاف سازش ہو گی، ان کا کہنا تھا کہ مارشل لاء نافذ نہیں ہو سکتا کیونکہ فوج نے خود تسلیم کیا ہے کہ ملک میں جمہوریت چلنی چاہیے، فوج مارشل لاء کی حامی نہیں ہے، ہم فوج کے ساتھ ہیں اور اسکے شانہ بشانہ اس ملک کے لیے جان بھی قربان کرنے سے دریغ نہیں کریں گے۔

انہوںنے کہا کہ اب وقت آگیا ہے کہ اس ملک کی فلاح بہبود کی پالیسیاں بنائی جائیں، امریکہ کو کھلے الفاظ میں کہتا ہوں کہ ڈرون ٹیکنالوجی سمیت جدید ٹیکنالوجی ہمیں یعنی پاک فوج کو دی جائے اور ہم خود اس ٹیکنالوجی کو دہشت گردوں کے خلاف استعمال کریں گے، ہم نہیں چاہتے کہ بیرونی طاقتیں یہاں آکر کارروائی کریں اور ہماری سرزمین کو دہشت گردی کے لیے استعمال کریں، تحریک طالبان پاکستان کے سربراہ حکیم اللہ محسود کی ڈرون حملے میں ہلاکت کے حوالے سے میاں افتخار حسین نے کہا کہ خبریں گردش کر رہی ہیں تاہم ابھی اس بارے میں مکمل تصدیق نہیں ہوئی، انہوں نے تمام دینی اور سیاسی جماعتوں سے اپیل کی کہ وہ جمہوریت کے خلاف ہر سازش کو ناکام بنانے میں حکومت کا ساتھ دیں۔
خبر کا کوڈ : 130880
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش