QR CodeQR Code

پیپلز پارٹی نے ہمیشہ جمہوریت کیخلاف سازش کی ہے، سراج الحق

17 Jan 2012 00:06

اسلام ٹائمز:چارسدہ میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم کی سپریم کورٹ میں پیشی سے قانون کی بالادستی ہو گی تاہم پوری قوم سپریم کورٹ کے ساتھ کھڑی ہے۔


اسلام ٹائمز۔ جماعت اسلامی پاکستان کے نائب امیر سراج الحق نے کہا ہے کہ وزیراعظم کی عدالت میں پیشی سے قانون کی بالادستی ہو گی تاہم پوری قوم سپریم کورٹ کے ساتھ کھڑی ہے، پیپلز پارٹی نے ہمیشہ جمہوریت کے خلاف سازش کی ہے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے چارسدہ میں صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا، انہوں نے کہا کہ موجودہ نظام جاگیرداروں، سرمایہ داروں اور کارخانہ داروں کا ہے، اس میں غریب عوام کو کوئی ریلیف نہیں ملے گا، انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی آئین اور قانون کو تسلیم نہیں کرتی اور ہمیشہ غیر جمہوری قوتوں کا ساتھ دے کر جمہوریت کیخلاف سازش کرتی آئی ہے۔
 
انہوں نے کہا کہ حکومت سپریم کورٹ کے فیصلوں پر عملدرآمد کرے، اگر حکمرانوں کی ان کوتاہیوں کی وجہ سے فوجی حکومت آئی تو ذمہ دار پیپلز پارٹی اور اس کے اتحادی ہوں گے، انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی پانچ بار حکومت میں آئی اور ہر بار اپنے آپ کو شہید کرنے کیلئے غیر جمہوری قوتوں کو موقع فراہم کیا، روٹی، کپڑا، مکان، تعلیم اور صحت کی سہولیات فراہم کرنے کا وعدہ کرنے والوں نے انتخابات میں کامیابی کے بعد ان وعدوں کو بھول کر ملک میں کرپشن، بدامنی، بے روزگاری اور لاقانونیت کو فروغ دیا، ان کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی کے اداروں کے ساتھ ٹکرائو، آئین و قانون کی خلاف ورزی اور غلط فیصلوں کی وجہ سے ملک اس وقت شدید نازک صورتحال سے گزر رہا ہے، انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کا کوئی ذاتی ایجنڈا نہیں ہے۔


خبر کا کوڈ: 130882

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/130882/پیپلز-پارٹی-نے-ہمیشہ-جمہوریت-کیخلاف-سازش-کی-ہے-سراج-الحق

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org