QR CodeQR Code

جی ایچ کیو آپریشن میں حصہ لینے والے 3 مزید زخمی کمانڈوز شہید

جی ایچ کیو حملہ:اسلام آباد راولپنڈی سے 24،لاہور سے 4 افراد زیر حراست

گرفتار دہشتگرد ڈاکٹر عثمان کے نام سے ہنگو کے نزدیک تربیتی مرکز کا انکشاف

13 Oct 2009 13:22

جی ایچ کیو پر حملے کے الزام میں اسلام آباد اور راولپنڈی سے 24 جبکہ لاہور سے 4 مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔ذرائع کے مطابق حساس اداروں نے جی ایچ کیو پر حملے کے الزام میں اسلام آباد اور راولپنڈی کے مختلف علاقوں سے 24 افراد کو حراست میں لے لیا ہے جن میں کچھ


لاہور:جی ایچ کیو پر حملے کے الزام میں اسلام آباد اور راولپنڈی سے 24 جبکہ لاہور سے 4 مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔ذرائع کے مطابق حساس اداروں نے جی ایچ کیو پر حملے کے الزام میں اسلام آباد اور راولپنڈی کے مختلف علاقوں سے 24 افراد کو حراست میں لے لیا ہے جن میں کچھ افراد افغان باشندے بتائے جاتے ہیں جبکہ لاہور میں حساس اداروں نے ایک ہی خاندان کے 4 افراد کو حراست میں لیا ہے ۔گرفتار ہونے والوں کا تعلق میانوالی سے ہے۔گرفتار ہونے والوں میں کامران بلوچ ،عطا بلوچ ،عمران بلوچ اور سعید بلوچ شامل ہیں۔ یہ دہشت گرد 3 ماہ سے ڈھوک اعوان میں کرائے کے مکان میں مقیم تھے اور کامران بلوچ کے نام سے کرایہ پر مکان حاصل کیا تھا۔
جی ایچ کیو آپریشن میں حصہ لینے والے 3 مزید زخمی کمانڈوز شہید
اسلام آباد:جنرل ہیڈ کوارٹرز کے سیکورٹی دفتر میں دہشت گردوں کے ہاتھوں یرغمال ہونے والے اہلکاروں کو آزاد کرانے کے آپریشن میں حصہ لینے والے پاک فوج کے مزید 3 کمانڈوز زخموں کی تاب نہ لا کر پیر کو خالق حقیقی سے جا ملے۔اس طرح جی ایچ کیو آپریشن کے دوران شہید ہونے والے کمانڈوز کی تعداد 5 ہو گئی۔ جبکہ مجموعی طور پر 5 کمانڈوز سمیت 14 سیکورٹی اہلکار جاں بحق ہو گئے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق اسپیشل سروسز گروپ کے کمانڈوز کو کلیئرنس آپریشن کے دوران زخم لگے تھے اور وہ سی ایم ایچ میں زیر علاج تھے۔ وہ زخموں کی تاب نہ لا کر شہید ہو گئے۔ آپریشن کے دوران کمانڈوز کی ٹیم نے دہشت گردوں سے 39 یرغمالیوں کی بحفاظت رہائی یقینی بنائی۔ اتوار کو اس آپریشن کے دوران دو کمانڈوز شہید ہو گئے تھے۔
گرفتار دہشتگرد ڈاکٹر عثمان کے نام سے ہنگو کے نزدیک تربیتی مرکز کا انکشاف
ڈیرہ غازیخان:جی ایچ کیو حملہ کیس میں گرفتار دہشت گرد عقیل عرف ڈاکٹر عثمان کے بارے میں پتہ چلا ہے کہ پنجاب سمیت مختلف علاقوں سے تربیت کیلئے آنے والوں کو ڈاکٹر عثمان کے نام پر قائم عثمانیہ مرکز جو ہنگو کے نزدیک اورکزئی ایجنسی کے علاقے غلجو نامی علاقے میں قائم ہے۔ وہاں لایا جاتا تھا جہاں ڈاکٹر عثمان ان افراد کے انٹرویو کرنے اور ان کے کوڈ نام رکھنے کے بعد انہیں فضائل جہاد کی تبلیغ کرتا تھا۔ ڈاکٹر عثمان عثمانیہ مرکز کا امیر تھا، ڈیرہ غازیخان سے جہاد کی تربیت کیلئے جانے والے 5 کم عمر مبینہ دہشت گردوں، محمد ابراہیم، جاوید اقبال، محمد لعل، محمد فیاض، محمد شاہد وغیرہ کے کوڈ نام بھی ڈاکٹر عثمان نے ہی رکھے تھے۔ کوڈ نام بھولنے پر سخت سزا دی جاتی ہے۔ ذرائع کے مطابق ایوبی مرکز کے امیر کمانڈر طارق کے کمرے میں پڑے کمپیوٹر میں پاک فوج سمیت ائیر فورس اور حساس مقامات کے بارے میں اہم معلومات موجود تھیں۔ ذرائع کے مطابق ڈیرہ غازیخان میں 5 فروری کو ہونے والے خودکش حملہ سمیت شادن لُنڈ اسلحہ کیس اور میاں چنوں میں ہونے والے دھماکوں کا ماسٹر مائنڈ بھی ڈاکٹر عثمان ہی کو قرار دیا گیا تھا۔ ادھر ڈاکٹر عثمان کی گرفتاری کے بعد ڈیرہ غازیخان راجن پور ، لیہ اور مظفر گڑھ میں کریک ڈاؤن جاری ہے، فورتھ شیڈول میں شامل کالعدم تنظیموں کے کارکنوں اور عہدیداروں کے علاوہ افغان تربیت یافتہ لڑکوں کی چیکنگ کا سلسلہ جاری ہے۔ ڈیرہ غازیخان رینج میں درجنوں افراد کو حراست میں لیکر ان سے پوچھ گچھ کی جا رہی ہے۔
جی ایچ کیو پر حملہ بیت اللہ محسود کی ہلاکت کا بدلہ لینے کیلئے طالبان تحریک کی پنجاب شاخ نے کیا،ترجمان طالبان اعظم طارق
پشاور:کالعدم تحریک طالبان پاکستان کے ترجمان اعظم طارق نے نامعلوم مقام سے ٹیلی فون کرتے ہوئے کہا ہے کہ جی ایچ کیو پر حملہ بیت اللٰہ محسود کی ہلاکت کا بدلہ لینے کیلئے کیا گیا۔ ترجمان نے مزید کہا کہ حملہ طالبان تحریک کی پنجاب شاخ نے کیا ۔ہمارے پاس اتنی صلاحیت ہے کہ ہم پاکستان میں کسی بھی جگہ حملہ کر سکتے ہیں ہم مزید کئی اہم جگہوں کو ٹارگٹ کریں گے ایک سوال کے جواب میں ترجمان نے کہا کہ پشاور اور صدر اور خیبر بازار میں ہونے دھماکوں میں بلیک واٹر ملوث ہے اس میں تحریک طالبان ملوث نہیں۔




خبر کا کوڈ: 13128

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/13128/جی-ایچ-کیو-حملہ-اسلام-آباد-راولپنڈی-سے-24-لاہور-4-افراد-زیر-حراست

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org