QR CodeQR Code

پیپلز پارٹی پنجاب کی پارلیمانی پارٹی کا وزیر اعظم کے ساتھ عدالت میں پیش ہونے کا اعلان

19 Jan 2012 04:56

اسلام ٹائمز:اپوزیشن چیمبر پنجاب اسمبلی میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے پیپلز پارٹی کے پارلیمانی لیڈر نے کہا کہ میاں نواز شریف، صدر آصف علی زرداری کے خلاف مقدمات کو جھوٹا قرار دے چکے ہیں۔


اسلام ٹائمز۔ پیپلز پارٹی پنجاب کی پارلیمانی پارٹی نے وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی کے ساتھ عدالت میں پیش ہونے کا اعلان کر دیا ہے۔ پیپلز پارٹی کے پارلیمانی لیڈر ذوالفقار گوندل نے کہا کہ وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی عدالت میں پیش ہو کر ثابت کریں گے کہ پیپلز پارٹی کی حکومت عدالتوں کا احترام کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ 19 جنوری ملکی تاریخ میں اہمیت اختیار کر جائے گی جب وزیراعظم عدالت میں پیش ہو کر تاریخ رقم کریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ چاروں صوبوں سے پیپلز پارٹی اور اتحادی جماعتوں کے منتخب اراکین عدالت میں وزیر اعظم کے ساتھ پیش ہوں گے لیکن مسلم لیگ ن کی طرح عدالت پر حملہ آور نہیں ہوں گے۔ 

ذوالفقار گوندل نے کہا کہ صدر کو استثنٰی حاصل ہونے کے باوجود چودھری اعتزاز احسن کے ذریعے وزیر اعظم اپنا موقف عدالت کے سامنے پیش کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی چور دروازے سے نہیں، عوام کے ووٹوں سے اقتدار میں آئی ہے، اس کے مستقبل کا فیصلہ بھی عوام کریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ میاں نواز شریف تسلیم کر چکے ہیں کہ ان کے دور اقتدار میں صدر آصف علی زرداری کے خلاف جھوٹے مقدمات سیف الرحمان نے بنوائے۔ 

ڈپٹی پارلیمانی لیڈر شوکت بسرا نے بابر اعوان کو وکیل جمہوریت قرار دیتے ہوئے ان کے خلاف رانا ثناء اللہ خان کے ریمارکس کی مذمت کی۔ انہوں نے کہا کہ سب کے علم میں ہے کہ وزیر قانون پنجاب کی ڈوریاں کہاں سے ہلتی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی کی قیادت راتوں کے اندھیرے میں جدہ بھاگنے والوں جیسی نہیں، ملک میں رہ کر حالات کا مقابلہ کرے گی۔ شوکت بسرا نے کہا کہ مسلم لیگ ن آمریت میں جمہوریت اور جمہوریت میں آمریت کا مطالبہ کرتی ہے۔


خبر کا کوڈ: 131493

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/131493/پیپلز-پارٹی-پنجاب-کی-پارلیمانی-کا-وزیر-اعظم-کے-ساتھ-عدالت-میں-پیش-ہونے-اعلان

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org